Live Updates

وزیراعظم عمران خان کا تاریخی دورہ امریکہ مکمل ، عوامی ٹرین پر سفر کیا

وزیراعظم عمران خان کی عام ٹرین میں سفر کرنے کی تصاویر سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہو گئیں

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 24 جولائی 2019 11:32

وزیراعظم عمران خان کا تاریخی دورہ امریکہ مکمل ، عوامی ٹرین پر سفر کیا
واشنگٹن (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 24 جولائی 2019ء) : وزیراعظم پاکستان عمران خان کا تاریخی دورہ امریکہ اختتام پذیر ہوا جس کے بعد اب وزیراعظم عمران خان وطن واپس آ رہے ہیں۔ وطن واپسی کے لیے ائیرپورٹ جانے کے لیے وزیراعظم عمران خان نے بڑی بڑی گاڑیوں میں سفر کرنے کی بجائے عام ٹرین کو ترجیح دی اور عام عوام کے ساتھ ٹرین میں سفر کیا جس کی تصاویر بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہیں۔

سوشل میڈیا صارفین نے ان تصاویر کو دیکھتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کی سادگی کی داد دی اور کہا کہ وزیراعظم عمران خان اپنی اسی سادگی کی وجہ سے ہر دل میں گھر کر جاتے ہیں۔ خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان اپنا تاریخی دورہ امریکہ مکمل کرکے نجی ایئرلائن کے ذریعے وطن روانہ ہوچکے ہیں۔ عمران خان نجی پرواز سے بذریعہ قطر پاکستان پہنچیں گے۔

(جاری ہے)

وطن واپس روانہ ہونے سے قبل وزیراعظم عمران خان نے امریکہ میں پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں سے خصوصی ملاقاتیں کیں۔

اس موقع پر عمران خان کا کہنا تھا کہ کرکٹ کھیلنے والے ملکوں میں اوورسیز پاکستانیوں سے رابطہ رہتا تھا۔ انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کی سب سے زیادہ عزت کرتا ہوں، اوورسیز پاکستانیوں کو زندگی میں بہت زیادہ محنت کرنی پڑتی ہے۔ خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان کا یہ دورہ امریکہ نہایت اہمیت کا حامل تھا جس پر پوری دنیا کے میڈیا کی نظریں جمی ہوئی تھیں۔

وزیراعظم عمران خان نے دورہ امریکہ کے دوران امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے بھی ملاقات کی جو عالمی میڈیا کی توجہ کا مرکز رہی۔ وزیراعظم پاکستان عمران خان اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مشترکہ پریس کانفرنس بھی کی جبکہ انہوں نے اہم امریکی عہدیداروں سے بھی ملاقات کی۔ وزیراعظم عمران خان کے دورہ امریکہ کو فقید المثال دورہ قرار دیا جا رہا ہے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات