Live Updates

وزیراعظم کی کیپٹل ہل آمد پر اراکین کانگریس کا شاندار استقبال، اردو میں خوش آمدید کہا

امریکی کانگریس حکام نے ''اردو'' میں وزیراعظم عمران خان کو سلام کیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 24 جولائی 2019 11:38

وزیراعظم کی کیپٹل ہل آمد پر اراکین کانگریس کا شاندار استقبال، اردو ..
واشنگٹن (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 24 جولائی 2019ء) : وزیراعظم عمران خان کو امریکی کانگریس حکام نے اُردو میں خوش آمدید کہا۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم نے کیپٹل ہل میں کانگریس اراکین سے ملاقاتیں کیں۔ اس موقع پر وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی بھی موجود تھے، جبکہ پاکستان کاکس شیلا جیکسن نے بھی عمران خان کا بھرپور استقبال کیا۔کاکس شیلا جیکسن کا کہنا تھا کہ پاکستان کی آبادی کا ساٹھ فیصد نوجوانوں پر مشتمل ہے، پاکستان میں امریکہ کے لیے بہت مواقع ہیں، دونوں ملکوں کے درمیان تعلیم صحت اور دیگر کئی شعبوں میں تعاون کی گنجائش موجود ہے، امریکی انتظامیہ کو پاکستان سے تعلقات مزید مضبوط بنانے ہوں گے۔

امریکی رکن کانگریس جم بینکس نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان نے بہت قربانیاں دی ہیں، جنوبی ایشیا میں پاکستان کا کردار انتہائی اہم ہے۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ صدر ٹرمپ سے وزیراعظم عمران خان کی ملاقات مفید رہی، دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی قربانیوں کو فراموش نہیں کیا جاسکتا۔کیپٹل ہل میں وزیراعظم عمران خان کے استقبال کے لیے سجائی گئی تقریب سے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ افغانستان میں امن کے لیے عمران خان کی خدمات قابل ستائش ہیں۔

امریکی رکن کانگریس تھامس سوزی نے کہا کہ پاکستانی قوم نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بہت قربانیاں دیں۔پاکستان کو اپنے مغربی سرحد پر جن مشکلات کا سامنا ہے ہمیں ان کا اندازہ ہے۔ خیال رہے کہ تھامس سوزی نے اپنا خطاب پاکستان کی قومی زبان اُردو میں السلام و علیکم کہہ کر شروع کیا اور شکریہ کہہ کرختم کیا۔ امریکی ایوان نمائندگان کی اسپیکر نینسی پلوسی نے کہا کہ پاکستان امریکہ کیلئے بہت اہم ملک ہے، پاکستانی امریکن امریکہ کی ترقی میں اہم کردار ادا کررہے ہیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات