امام الحق کو میرا بھتیجا ہونے کے باعث زیادہ نشانہ بنایا جاتا ہے :انضمام الحق

نئے چیف سلیکٹر پر تنقید کی بجائے انھیں سپورٹ کی جائے ، مشکل میں اپنوں کا ساتھ دینے کا رواج اپنانا ہوگا:سابق کپتان

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 24 جولائی 2019 12:11

امام الحق کو میرا بھتیجا ہونے کے باعث زیادہ نشانہ بنایا جاتا ہے :انضمام ..
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 24جولائی2019ء) انضمام الحق نے نئے چیف سلیکٹر کو سپورٹ کرنے کی درخواست کر دی اور انھوں نے کھلاڑیوں پر تنقید کو بھی غلط قرار دیا۔پی سی بی کیلئے بلاگ میں سابق چیف سلیکٹر نے تحریر کیا کہ ہمیں سمجھنا چاہیے یہ پاکستان کی ٹیم ہے، ان کھلاڑیوں کو مشکل وقت میں حوصلہ افزائی کی ضرورت ہوتی ہے، تنقید برائے اصلاح سے کوئی انکار نہیں کرتا مگر جس طرح کھلاڑیوں کو بھارت کیخلاف میچ ہارنے کے بعد تنقید کا نشانہ بنایا گیا میں اس کی مذمت کرتا ہوں۔

انھوں نے کہا کہ3 سال سے زائد برس کام کے دوران مجھے پرستاروں کی بڑی تعداد نے سپورٹ کیا، اب میرا معاہدہ ختم ہورہا ہے۔ میری درخواست ہے کہ نئے چیف سلیکٹر پر تنقید کے بجائے انھیں سپورٹ کریں، ہمیں مشکلات میں اپنوں کا ساتھ دینے کا رواج اپنانا ہوگا۔

(جاری ہے)

انضمام الحق نے ایک بار پھر پلیئنگ الیون کی سلیکشن میں مداخلت پر اپنی صفائی پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی سکواڈ منتخب کرنے کی ذمہ داری سلیکشن کمیٹی کی ہے مگر فائنل الیون میں بھی چیف سلیکٹر سے رائے لی جاتی ہے مگر وہ حتمی نہیں ہوتی، انتخاب کوچ اور کپتان کی ذمہ داری ہے، مجھے پی سی بی نے بطور چیف سلیکٹرورلڈکپ میں قومی کھلاڑیوں کی کارکردگی کا جائزہ لینے کیلئے انگلینڈ روانہ کیا تھا۔

انھوں نے بھتیجے امام الحق کا بھی ایک بار پھر بھرپور دفاع کرتے ہوئے انھیں بہترین بیٹسمین قرار دیا،ان کا کہنا تھا کہ امام الحق کو میرا بھتیجا ہونے کے باعث شدید تنقید کا نشانہ بنایا جاتا ہے حالانکہ سکواڈ میں اور بھی کھلاڑی شامل ہوتے ہیں۔