Live Updates

مسئلہ کشمیر پر ثالثی کے صدر ٹرمپ کے بیان نے ثابت کیا کہ کشمیر عالمی سطح پر تسلیم شدہ حل طلب مسئلہ ہے‘، لبریشن فرنٹ

صدر ٹرمپ نے وزیر اعظم عمران خان کے ساتھ اپنی مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران مسئلہ کشمیرپر ثالثی کی پیش کش کرکے کشمیریوں کے دل جیت لئے ہیں

بدھ 24 جولائی 2019 13:37

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جولائی2019ء) مقبوضہ کشمیر میں جموںوکشمیر لبریشن نے مسئلہ کشمیر پر ثالثی کے حوالے سے امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے بیان کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ بیان اس حقیقت کا برملا اظہار ہے کہ کشمیر بھارتی حکومت کے تمام حربوں کے باوجود عالمی سطح پر تسلیم شدہ ایک دیرینہ اور حل طلب مسئلہ ہے جسے حل کئے بغیر جنوبی ایشاء میں امن واستحکام اور ترقی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا۔

کشمیر میڈیاسروس کے مطابق جموںوکشمیر لبریشن فرنٹ کے ترجمان محمدرفیق ڈار نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں کہاکہ جموں کشمیر لبریشن فرنٹ تنازعہ کشمیر کو تینوں فر یقوں بھارت ، پاکستان اورکشمیریوں کے درمیان مذاکراتی عمل کے ذریعے حل کرنے کیلئے روز اول سے سرگرم رہی ہے اور تنظیم کا ماننا ہے مذاکراتی عمل کو عالمی برادری کی حمایت حاصل ہونی چاہئے تاکہ مسئلے کا ایک پائیدار اور دیر پا حل سامنے آسکے۔

(جاری ہے)

ترجمان نے کہا کہ حقیقت یہی ہے کہ دنیا میں ملکوں اور اقوام کو درپیش مسائل کا حل تلاش کئے بغیر حقیقی امن قائم کرنا ممکن نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ صدر ٹرمپ نے پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان کے ساتھ اپنی مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران مسئلہ کشمیر کے فوری حل اور اس ضمن میں ثالثی کی پیش کش کرکے کشمیریوں کے دل جیت لئے ہیں ۔ترجمان نے اُمید ظاہر کی کہ بھارتی حکمران بھی مسئلہ کشمیر کے پرامن حل کی اہمیت اور ضرروت کو تسلیم کریں گے اور اس حوالے سے اپنی سخت گیر اور شدت پسندانہ روش کو ترک کر کے مزاکراتی عمل کا آغاز کریں گے اور ایسے مثبت عمل کو آگے بڑھانے کے لئے لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک اور دیگر اسیر کشمیری مزاحمتی رہنمائوں کو فوری طور پررہا کرنے کے علاوہ اعتما د سازی کے دیگر اقدامات کریں گے۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات