Live Updates

مقبوضہ کشمیر‘ پیروان ولایت کی امریکہ میںتنازعہ کشمیر اجاگر کرنے پر وزیر اعظم پاکستان کی تعریف

بدھ 24 جولائی 2019 13:37

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جولائی2019ء) مقبوضہ کشمیر میں پیروان ولایت کے سرپرست اعلیٰ مولانا سبط محمد شبیر قمی نے امریکہ میں تنازعہ کشمیراجاگر کرنے پر پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان کی تعریف کی ہے۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق مولانا قمی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہاکہ عمران خان ایک قابل اعتماد رہنما ہیں جنہوں نے تنازعہ کشمیر کے حل کے لیے سفارتی سطح پر ہرممکن اقدامات کئے اور بھارتی دھمکیوں کے باوجود مظلوم کشمیریوں کی سفارتی مدد جاری رکھی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ دورہ امریکہ کے موقع پر صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو ثالثی کی دعوت دینا وزیر اعظم کا قابل تعریف اقدام ہے۔ انہوں نے کہاکہ امریکہ کو اس مسئلے کو سنجیدگی سے لینا چاہیے اوردونوں ملکوں کو اعتماد میں لیتے ہوئے اس کا مستقل حل تلاش کرنا چاہیے۔ مولانا قمی نے کہاکہ تنازعہ کشمیر خطے میں کشیدگی کی بنیادی وجہ ہے جس سے اب تک لاکھوں جانوں کا نقصان ہوچکاہے اس لیے اس مسئلے کا حل ناگزیر ہے۔ انہوں نے بھارت اور پاکستان کے حکمرانوں پر زوردیا کہ وہ ماضی کو بھلاکر مذاکرات کی میز پر آئیں اور خطے کے کروڑوں لوگوں کے تحفظ کویقینی بنانے کے لیے دیرینہ تنازعہ کشمیر کو حل کریں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات