مقبوضہ کشمیر‘ اسلامی تنظیم آزادی کانظر بند پارٹی چیئرمین کی سلامتی کے حوالے سے اظہار تشویش

عالمی طاقتوںکو کشمیریوںکی قتل وغارت پر اب مزید خاموش نہیں رہنا چاہیے، شفیع لون

بدھ 24 جولائی 2019 13:37

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جولائی2019ء) مقبوضہ کشمیر میں اسلامی تنظیم آزادی نے غیر قانونی طور پر نظر بند پارٹی چیئرمین عبدالصمد انقلابی کی سلامتی کے حوالے سخت تشویش کا اظہار کیا ہے۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق اسلامی تنظیم آزادی کے ترجمان نے سرینگر میں ایک بیان میں کہا کہ کالے قانون پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت جموںخطے کی کوٹ بھلوال جیل میں نظر بند عبدالصمد انقلابی سخت علیل ہیںاور اطلاعات ہیں کہ انہیں نازک حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ صمد انقلابی کی علالت کی خبر سن کر انکے اہلخانہ اور پارٹی میں سخت تشویش کی لہر ڈوڈ گئی ہے لہذا یہ بھارتی حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ انکی سلامتی کو یقینی بنائے۔ترجمان نے کہا کہ کشمیری حریت رہنمائوں ، کارکنوں ، تاجروں اور زندگی کے دیگر شعبہ ہائے سے تعلق رکھنے والوںکی سیاسی نظریات کی پاداش میں این آئی اے اور دیگر بھارتی اداروں کے ذریعے نشانہ بنایا جا رہا ہے جو انسانی حقوق کی شدید خلاف ورزی ہے۔

(جاری ہے)

دریں اثنا جموںوکشمیر ایمپلائیز موومنٹ کے چیئرمین محمد شفیع لون نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں کشمیر پر ثالثی کے حوالے سے امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے بیان کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ عالمی طاقتوں کو کشمیریوںکے قتل و غارت اور انکی مشکلات پر اب مزید خاموش نہیں رہنما چاہیے۔ انہوںنے کہا کہ یہ امریکہ اور دیگر عالمی طاقتوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن و ترقی کے لیے تنازعہ کشمیر کے حل کے لیے کردار ادا کریں۔انہوںنے کہا کہ بھارت کشمیر یوںکی تحریک آزادی کو طاقت کے بل پر دبانے پر تلا ہوا ہے لیکن وہ اپنے مذموم ارادے میں ہرگز کامیاب نہیں ہو گا۔ محمد شفیع لون نے کہا کہ کشمیر ایک سیاسی مسئلہ ہے جسے سیاسی طریقے سے ہی حل کیا جانا چاہے ۔