گزشتہ مالی سال کے دوران بیرونی قرضوں کے حصول کی شرح میں کمی،

قرضوں کی واپسی کی شرح میں اضافہ ریکارڈکیا گیا وفاقی وزیراقتصادی امورمحمد حماداظہر کا ٹوئٹر پرجاری پیغام

بدھ 24 جولائی 2019 14:01

گزشتہ مالی سال کے دوران بیرونی قرضوں کے حصول کی شرح میں کمی،
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جولائی2019ء) وفاقی وزیراقتصادی امورمحمد حماداظہر نے کہاہے کہ گزشتہ مالی سال کے دوران بیرونی قرضوں کے حصول کی شرح میں کمی جبکہ قرضوں کی واپسی کی شرح میں اضافہ ریکارڈکیا گیاہے۔ یہ بات انہوں نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پرجاری ہونے والے ایک پیغام میںکہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ مالی سال2018-19ء کے دوران بیرونی قرضوں اور واجبات میں 10 ارب ڈالر کااضافہ ہوا جو مالی سال 2017-18ء کے مقابلے میں کم ہے، مالی سال 2017-18ء کے دوران پاکستان کے بیرونی قرضوں اورواجبات میں 13.3 ارب ڈالر کااضافہ ریکارڈ کیا گیاتھا۔

انہوں نے کہاکہ اسی طرح گزشتہ مالی سال کے دوران بیرونی قرضوں اورواجبات کی ادائیگی میں اضافہ ریکارڈ کیا گیاہے۔ وفاقی وزیراقتصادی امور نے کہاکہ مالی سال 2018-19ء کے دوران بیرونی قرضوں اورواجبات کی واپسی کا حجم 9.1 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو مالی سال 2017-18 ء کے مقابلے میں زیادہ ہے، مالی سال 2017-18 ء کے دوران بیرونی قرضوں اورواجبات کی ادائیگی کا حجم 5.8 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔