Live Updates

تحریک انصاف نے 25جولائی 2018ء کے عام انتخابات میں کامیابی ،وزیر اعظم کے کامیاب دورہ امریکہ کی مناسبت سے یوم تشکر منایا

رہنمائوں کی جانب سے پارٹی دفاتر میں مٹھائیاں تقسیم کی گئیں،کارکن پاکستان اور اپنی قیادت کے حق میں نعرے لگاتے رہے

جمعرات 25 جولائی 2019 15:30

تحریک انصاف نے 25جولائی 2018ء کے عام انتخابات میں کامیابی ،وزیر اعظم کے ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 جولائی2019ء) پاکستان تحریک انصاف نے 25جولائی 2018ء کے عام انتخابات میں کامیابی اور وزیر عظم عمران خان کے کامیاب دورہ امریکہ کی مناسبت سے یوم تشکر منایا ، تحریک انصاف کے رہنمائوں نے کہا ہے کہ 25جولائی 2018 کو پاکستان کے سیاسی منظرنامے میں خوشگوار نئی تبدیلی کی لہر آئی،25جولائی 2018عوام کے مجرموں شریف اور زرداری خاندانوںکے انجام کا دن ثابت ہوا۔

تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کی قیادت کی جانب سے گزشتہ سال 25جولائی کو عام انتخابات میں کامیابی اور وزیر اعظم عمران خان کے دورہ امریکہ کی کامیابی کی مناسبت سے یوم تشکر منانے کا اعلان کیا گیا تھا ۔ اس سلسلہ میں مختلف پارٹی دفاتر اور رہنمائوں کی جانب سے مٹھائیاںبھی تقسیم کی گئی ۔

(جاری ہے)

وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے 25جولائی کی مناسبت سے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان کے باشعور عوام نے 25جولائی کو اپنے ووٹ سے نئی تاریخ رقم کی اور ووٹ کی طاقت سے کرپشن کے بتوں کو پاش پاش کیا۔

اپوزیشن جماعتیں حکومت کے خلاف نہیں بلکہ اپنے سیاہ اعمال پر یوم سیاہ منایا۔نام نہاد یوم سیاہ منانے والے عناصر نے ملک کا مستقبل سیاہ کیا۔ ،کرپشن کی سیاہی کے پیچھے چھپے چہرے بے نقاب ہو چکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پوزیشن سیاستدان عوام میں اپنی رہی سہی ساکھ بھی گنوا بیٹھے ہیں،مخالفین ذہین نشین کر لیں کہ عوام نے انہیں 25جولائی2018کو بھی رد کیا اور آئندہ بھی کریں گے۔

مسترد شدہ عناصر کو صرف لوٹی ہوئی دولت بچانے کی فکر ہے،اپوزیشن کا واویلا چور مچائے شور کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالی کے فضل وکرم سے 25 جولائی 2018 کو عوام کی جانب سے ملنے والے مینڈیٹ کی لاج رکھی ہے،پاکستان کے عوام با شعور ہیں،اپوزیشن کے جھانسے میں نہیں آئیں گے۔ سابق سینئر وزیر عبدالعلیم خان نے کہا کہ 25جولائی سیاسی تاریخ میں مثبت اور پر امن تبدیلی کا دن ہے،عوام نے ووٹ کی طاقت سے اس دن نئے پاکستان کی بنیاد رکھی،ایک سال قبل آنے والی تبدیلی کا سفر درست سمت میں جاری ہے،عمران خان ملک و قوم کی امیدوں پر پورا اتر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ 25جولائی’’نئے پاکستان‘‘کی پہلی سالگرہ کا دن ہے۔پی ٹی آئی کارکن اپنے قائد کی قیادت میں پر عزم ہیں۔ پی ٹی آئی کی جدوجہد کی وجہ سے اقتدار دو خاندانوں کی ملکیت سے آزاد ہو کر عوامی ہاتھوں میں آیا۔ تحریک انصاف کے مرکزی رہنما جمشید اقبال چیمہ نے کہا کہ اپوزیشن نے گزشتہ سال 25جولائی کو اپنی بد ترین شکست کی مناسبت سے ماتم کرنے کا اہتمام کیا ۔

کئی دہائیوں سے ملک پر قابض پیپلز پارٹی اور (ن) لیگ کی بد ترین شکست ان کے اعمالوں کا نتیجہ ہے اور عوام نے اپنے ووٹ کی طاقت سے ان کا کڑا احتساب کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عوام نے اپوزیشن کی ماتم کی کال سے لا تعلقی کا اظہار کر دیا جس سے ان کی رہی سہی جھوٹی سیاست بھی منوں مٹی تلے دفن ہو گئی ۔ جمشید اقبال چیمہ کی جانب سے انتخابات میں کامیابی کا ایک سال مکمل ہونے اور وزیر اعظم عمران خان کے دورہ امریکہ کی کامیابی کی خوشی میں مٹھائی بھی تقسیم کی گئی ۔

صوبائی وزیر محنت و انسانی وسائل انصر مجید خان نے اپنے بیان میں کہا کہ 25جولائی 2018عوام کے مجرموں شریف اور زرداری خاندانوںکے انجام کا دن ثابت ہوا،سیاہ ماضی کے حامل اب یوم سیاہ مناکر عوام کو مزید گمراہ نہ کریں۔ انہو نے کہا کہ تحریک انصاف کی جیت عمران خان کی 22سالہ جدوجہد کا نتیجہ تھی،حکومت کے خلاف سازش کرنے والے کرپٹ عناصر پہلے عوام کے کروڑوں روپے کو نقصان پہنچانے کا حساب دیں۔

عمران خان کا کامیاب دورہ ہ امریکہ ہضم نہ ہونے کی وجہ سے اپوزیشن اوچھے ہتھکنڈوں کا سہارا لے رہی ہے۔جرائم کے پیسے کو سیاست میں استعمال کرنے والے سیاستدان حکومت کو ایمانداری کے لیکچر دے رہے ہیں۔ڈاکٹر شاہد صدیق کی جانب سے بھی یوم تشکر کی مناسبت سے مٹھائی تقسیم کی گئی ۔ انہوں نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ (ن) او رپیپلز پارٹی کی سیاست کا جنازہ نکل چکا ہے اور اس کی باقیات کرپشن کو بھی بہت جلد منوں مٹی تلے دفن کر دیں گے۔

انہوںنے کہاکہ25جولائی کا دن پاکستان کی تاریخ میں ہمیشہ سنہری حروف میں یاد رکھا جائے گا کیونکہ اس روز پاکستان میں حقیقی معنوں میں نئے پاکستان کی بنیاد رکھی گئی ۔یوم تشکر کی تقریبات میں کارکنوں نے پاکستان اور اپنی قیادت کے حق میں نعرے بھی لگائے ۔صوبائی وزیر انسانی حقوق اعجاز عالم آگسٹین نے کہا کہ 25جولائی کا دن یوم احتجاج نہیں بلکہ یوم تشکر کے طور پر یاد رکھا جائے گا ۔

چوروں اور لٹیروں کو احتساب سے گزرنے پر اپوزیشن کا احتجاج بے معنی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام کو عمران خان کی قیادت پر مکمل اعتماد ہے ۔آدھی رات کو بھی عوام کا سمندر اپنے لیڈر کو خوش آمدید کہنے آیا ۔ کوئٹہ کے دورے پر جانے والی تحریک انصاف کی پنجاب اسمبلی کی خواتین اراکین اسمبلی نے بھی یوم تشکر کو بھرپو رطریقے سے منایا اور اس سلسلہ میں مٹھائی تقسیم کی گئی ۔ تحریک انصاف کے زیر اہتمام ملک کے مختلف مقامات پر بھی یوم تشکر منایا گیا او رمٹھائیاں تقسیم کی گئیں۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات