Live Updates

سی آئی اے نے اسامہ بن لادن کی موجودگی سے متعلق عمران خان کے بیان کی تردید کر دی

پاکستان کی خفیہ ایجنسی القاعدہ کمانڈراسامہ بن لادن کی ایبٹ آباد میں موجودگی سے لا علم تھی،سابق ڈائریکٹر ڈویڈ پیٹریاس

جمعرات 25 جولائی 2019 22:58

سی آئی اے نے اسامہ بن لادن کی موجودگی سے متعلق عمران خان کے بیان کی ..
واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 جولائی2019ء) امریکی خفیہ ایجنسی سی آئی اے کے سابق ڈائریکٹر ڈویڈ پیٹریاس نے وزیراعظم عمران خان کے اسامہ بن لادن کی موجودگی سے متعلق بیان کی تردید کر دی ہے۔باراک اوبامہ کے دور حکومت میں سی آئی اے کے سربراہ رہنے والے ڈیوڈ پٹریاس نے کہا کہ پاکستان کی خفیہ ایجنسی انٹر سروس انٹیلی جنس(آئی ایس آئی) القاعدہ کمانڈراسامہ بن لادن کی ایبٹ آباد میں موجودگی سے لا علم تھی۔

میڈیارپورٹس کے مطابق نیویارک میں ایک تقریب کے دوران سابق سی آئی اے ڈائریکٹر نے دعویٰ کیا ہے کہ آئی ایس آئی کو ایبٹ آباد میں امریکی کمانڈوز کے آپریشن کا بھی نہیں پتہ تھا اور وہ یہ بھی نہیں جانتے تھے کہ اسامہ پاکستان میں روپوش ہے۔خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے اپنے حالیہ دورہ امریکہ کے دوران چینل فوکس نیوز کو ایک انٹر ویو میں بتایا تھا کہ آئی ایس آئی نے سی آئی اے کو اسامہ بن لادن کی موجودگی کا سرا دیا تھا۔

(جاری ہے)

اس بیان سے قبل پاکستانی حکومت کہتی رہی ہے کہ وہ القاعدہ رہنما کی ایبٹ آباد میں موجودگی سے مکمل لا علم تھی۔ڈیوڈ پیٹریاس 6 ستمبر 2011 کو سی آئی اے کے ڈائریکٹر تعینات ہوئے تھے اور اس عہدے سے 9 نومبر 2012 کو مستعفی ہوئے۔سی آئی اے نے جب ایبٹ آباد آپریشن کیا اس وقت لیون پینٹا ایجنسی کی سربراہی کر رہے تھے اور اس کے بعد امریکی صدر نے لیون پینٹا کو وزیردفاع بنا دیا تھا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات