Live Updates

ریگولیٹری اتھارٹیز کو کابینہ کے ماتحت لایا جا رہا ہے، پوسٹل سروسز کا منافع 18 ارب ہوگیا

پاکستان کے بیانیہ کو دنیا مان رہی ہے اور عوام اس بیانیہ کے ساتھ کھڑے ہیں، بلاول بھٹو صف ماتم بچھائیں کہ آج ان کا پاکستان بھر میں یوم سیاہ ان کی سیاہ کاریوں کی وجہ سے ناکام ہوگیا وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کی میڈیا سے بات چیت

جمعہ 26 جولائی 2019 01:05

کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 جولائی2019ء) وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ ریگولیٹری اتھارٹیز کو کابینہ کے ماتحت لایا جا رہا ہے، پوسٹل سروسز کا منافع 18 ارب تک جا پہنچا ہے، عوام پاکستان کے بیانیہ کے ساتھ کھڑے ہیں اور پاکستان کے بیانیہ کو دنیا مان رہی ہے، بلاول بھٹو صف ماتم بچھائیں کہ آج ان کا پاکستان بھر میں یوم سیاہ ان کی سیاہ کاریوں کی وجہ سے ناکام ہوچکا ہے۔

جمعرات کو یہاں اپنی آمد کے بعد کراچی ایئرپورٹ پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ اوور سیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دیا گیا ہے اور ان کو ووٹر لسٹ کا حصہ بنانے کے لئے ہنگامی بنیادوں پر کام کیا جائے گا اور اس کے علاوہ دوہری شہریت رکھنے والوں پر قانونی قدغن لگی ہوئی ہے، سپریم کورٹ نے اس حوالے سے فیصلہ بھی دیا تھا، جس کے لئے کابینہ میں ایک کمیٹی قائم کر دی گئی ہے جو اوور سیز پاکستانیوں کو قومی، صوبائی اسمبلی اور پارلیمنٹ کا رکن بننے کے راستے میں رکاوٹوں کو قانونی، آئینی، سیاسی اور ہر محاز پر درپیش چیلنجز پر قابو پانے کے لئے میکنزم تیار کرے گی تاکہ بیرون ملک پاکستانیوں کی قائدانہ صلاحیتوں سے بھرپور استفادہ کیا جاسکے اور وہ اپنا سرمایہ پاکستان میں لا کر یہاں معاشی انقلاب میں اپنا کردار ادا کرسکیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ یہ ایک معمول کی کارروائی ہوتی ہے کہ ای سی سی کے فیصلوں کی کابینہ میں اصلاح کرسکیں۔ انہوں نے بتایا کہ وزیر اعظم نے وفاقی وزیر مراد سعید کو پوسٹل سروسز کی مکمل طور پر بحالی، اسے مزید بہتر بنانے اور خسارے سے نکال کر نفع بخش بنانے کے لئے ذمہ داری دی تھی ، جس پر مراد سعید نے بھرپور اقدامات کئے ، اس حوالے سے انہوں نے کابینہ کو آگاہ بھی کیا ہے ۔

انہوں نے بتایا کہ مراد سعید نے پوسٹل سروسز کو نفع بخش ادارہ بنا دیا ہے اس ادارے کا 2018 ء تک 10.8 ارب ریونیو تھا آج وہ 18 ارب تک جا پہنچا ہے اور اب یہ ادارہ خسارے سے بریک ایون میں آگیا ہے جس پر کابینہ کے تمام اراکین نے انہیں خراج تحسین پیش کیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ 5 ریگولیٹری اتھارٹیز متعلقہ وزارتوں کے زیر تحت تھیں جس سے احتساب کے عمل میں رکاوٹ پیدا ہوتی تھی، وزیر اعظم پاکستان کا نئے پاکستان کے ریفارم ایجنڈا کے تحت ان پانچ ریگولیٹری اتھارٹیز کو کابینہ کے ماتحت کرنے کی منظوری دے دی گئی ہے جس میں نیپرا، اوگرا، پی ٹی اے، فری کوئنسی ایلوکیشن بورڈ اور پبلک ریکروٹمنٹ اتھارٹی شامل ہیں جس سے ریگولیٹری میکنزم اور وزارتوں کی کارکردگی بہتر ہوگی اور ریگولیٹرز پبلک فرینڈلی سروس کو بہتر کرنے میں اپنا کردار ادا کرے گا۔

انہوں نے بتایا کہ پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن میں گرانٹ آف ایڈیشنل چارج کی ایکسٹینشن کی منظوری دے دی گئی اور انکوائری کمیشن میں ایک رکن کو تبدیل کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کابینہ نے اکیڈمی آف لیٹرز کے چیئرمین کی تعیناتی کے لئے کرائٹریا کو تبدیل کیا ہے اور پاسپورٹ میں پروفیشنل کے کالم کو ختم کیا گیا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو اگر اعلان جنگ کرنا ہی ہے تو وہ سندھ کے ہسپتالوں کی حالت زار کو بہتر بنانے، اسکولوں سے باہر ایڑیاں رگڑنے والے بچوں کو واپس اسکول میں لانے، سندھ میں گڈ گورننس اور کرپشن اور کرپٹ پریکٹسز کے خلاف اعلان جنگ کریں تو ہم ان کے ساتھ ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ میڈیا سمجھتا ہے میڈیا کو طاقت دیکر ریاست کا چوتھا ستون بنانا موجودہ حکومت کا عزم ہے، میڈیا کی آزادی اور میڈیا کے حقوق کا تحفظ وزیر اعظم عمران خان کا وژن ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو صف ماتم بچھائیں کہ آج ان کا پاکستان بھر میں یوم سیاہ ان کی سیاہ کاریوں کی وجہ سے ناکام ہوچکا ہے اور عوام نے ان سے لاتعلقی کا اظہار کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عوام بلاول بھٹو زرداری اور ان کے ساتھیوں کے بیانیہ کو مسترد کر چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام پاکستان کے بیانیہ کے ساتھ کھڑے ہیں اور پاکستان کے بیانیہ کو دنیا مان رہی ہے، عمران خان پر تنقید کر کے سیاسی بونے اپنا قد اونچا کرنے میں مصروف ہیں، سیاسی بونوں کا قد عمران خان پر تنقید کرنے سے اونچا نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے پاس سندھ میں حکومت ہے وہ اس میں کارکردگی کا مظاہرہ کریں اور کرپشن کا خاتمہ کریں، اپنے ابو اور پھپو کی جعلی اکاؤنٹس میں نامزدگیوں کے بعد تکلیف دہ ہولناک اور افسوسناک حقائق کا جواب دیں ۔

بجائے اس کے کہ وہ اپنی تڑپ کو قوم کی تڑپ کا نام دیں کیونکہ قوم کو پتہ ہے کہ ان بینک اکاؤنٹس میں فالودے اور پاپڑی والوں کا درد نہیں ہے بلکہ جو ان اکاؤنٹس میں پیسے تھے اور 32 بے نامی اکاؤنٹس ایف بی آر نے منسلک کئے ہیں یہ ان کا درد ہے ۔ ایک اور سوال کے جواب میں معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ طبقاتی تفریق کا خاتمہ کرنے کے لئے پاکستان تحریک انصاف آئی ہے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات