تحریک انصاف کی حکومت ہر بڑھتے دن کے ساتھ عوام کی زندگی میں مسائل بڑھا رہی ہے،پیپلزیوتھ آرگنائزیشن سندھ

آصف زرداری کو آئین کی حفاظت کرنے کی سز ا دی جارہی ہے،آصف علی زرداری کے خلاف تمام کیسز بے بنیا دہیں، شعیب مرزا/تیمور علی مہر

ہفتہ 27 جولائی 2019 17:08

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 جولائی2019ء) پیپلزیوتھ آگنائزیشن سندھ کے ترجمان تیمور علی مہر نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت ہر بڑھتے دن کے ساتھ عوام کی زندگی میں مسائل بڑھا رہی ہے، مہنگائی اور بیروزگاری کی شرح اس قدر بڑھ گئی ہے کہ جو کہ ماضی میں کبھی دیکھنے کو نہیں ملی، حکمرانوں کو سیاسی حریفوں کے خلاف انتقامی کاروائیوں سے فرصت ملے تو ان کو عوام کے دکھ اور مسائل نظر آئیں ، تحریک انصاف والوں نے ملک میں ایک عجیب نفسا نفسی کا ماحول پیدا کر دیا ہے، ان خیالا ت کا اظہارا نہوں نے کراچی میں پیپلز یوتھ آرگنائزیشن سندھ کے دفتر سے جاری کردہ بیان میں کیا، تیمور علی مہرکا کہناتھا کہ حکومتی حلقوں کے علاوہ کوئی پاکستانی اس حکومت سے خوش نہیں ہے، سیاسی پارٹیوں کو انتقامی کاروائیوں کا سامنا ہے جبکہ ایک عام انسان کو بیروزگاری ، مہنگائی کا اور تاجر برادری کو معاشی عدم استحکام اور ٹیکسوں کی بھرمار کا سامنا ہے، ایسا محسوس ہوتا ہے کہ کسی بیرونی ایجنڈے کے تحت ملک کو پتھر کے دور میں لیجانے کی ساز ش کی جارہی ہے، انہو ں نے کہا کہ قائد جمہوریت آصف علی زرداری کو آئین کی حفاظت اور قوم کو 18ویں ترمیم کاتحفہ پیش کرنے کے جرم میں انتقامی کاروائی کا نشانہ بنایا جارہا ہے، ماضی میں بھی آصف علی زرداری کو جھوٹے مقدمات میں سز ا ہوئی اورانہوں نے بے گناہ ہونے کے باجود گیارہ سال قید کی سزا کاٹی اور بعد میں باعزت بری ہوئے اور آج پھر اندھی قوتوں کی ایماء پر وہ نہ کردہ جرم کی سز ا کاٹ رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ موجودہ جمہوریت وہ جمہوریت نہیں ہے جس کے لیئے پاکستان پیپلز پارٹی کی چیئر پرسن بے نظیر بھٹو نے اپنی جان کا نزرانہ پیش کیا بلکہ یہ سول ڈکٹیٹر کی حکومت ہے جو اس وقت جمہوریت کے نام پر پورے ملک میں آمریت برپا کیے ہوئے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہمیں بتایا جائے کہ جمہوریت کے رکھوالوں کو اور کتنے عرصے تک قیدو بند میں رکھا جائیگا، ریاست کی پوری مشینری پیپلز پارٹی کے رہنمائوں کو گرفتار کرنے اور انہیں سزائیں دینے پر لگی ہوئی ہے، تیمور مہر نے کہاکہ پیپلز پارٹی کی قیادت اور کارکنان جیلوں سے نہ توڈرنے والے ہیں اور نہ ہی گھبرانے والے ہیں بلکہ ہم ان جھوٹے اور بے بنیاد کیسز کا بھرپور مقابلہ کریں گے، انہوں نے کہا کہ ماضی میں بھی پیپلز پارٹی کو انتقام کا نشانہ بنانے اور دیوار کے ساتھ لگانے کی سازشیں ہوتی رہی ہیں مگر جیالے نہ ماضی میں گھبرائے اور نہ ہی آج گھبرائیں گے ہمارا جینا مرنا پاکستان کے ساتھ ہے پیپلز پارٹی کے لوگوں نے پاکستان کی سا لمیت اور غریب لوگوں کے حقوق کی خاطر جان و مال کی قربانیاں دی ہیں، انہوںنے مزید کہاکہ ہمار ی پارٹی کی تاریخ قربانیوں سے بھری پڑی ہے، مخالفین طاقت اور اقتدار کے نشے میں جتنا چاہیں ظلم ڈھالیں لیکن ہم اپنی عوام کی خدمت اور پاکستان کی بہتری کے لیئے تمام مظالم سہنے کو تیار ہیں ، حکمران شاید بھول گئے ہیں کہ حق و باطل کی جنگ میں جیت ہمیشہ حق اور سچ کی ہوتی ہے۔