چائنہ لیبر فیڈریشن آف ٹریڈ یونین کی مزدوروں کے حوالے سے کوششوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں ‘چوہدری محمد یٰسین

پاکستان ورکرز فیڈریشن مزدوروں کی نمائندہ تنظیم ہے اور مزدوروں کے حقوق کے لیے جدوجہد پر یقین رکھتی ہے‘ٹکا خان پاکستان کے مزدوروں کے مسائل کے حوالے سے ہم مکمل تعاون کا یقین دلاتے ہیں‘ینگ لنگ،صدر نینگشیا فیڈریشن آف ٹریڈ یونین (چین )

پیر 29 جولائی 2019 15:09

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 جولائی2019ء) نینگشیا فیڈریشن آف ٹریڈ یونین (چین ) کے وفد نے پاکستان ورکرز فیڈریشن کے مزدور رہنمائوں سے ملاقات کی ،وفد میں ینگ لنگ صدر چائنہ فیڈریشن آف ٹریڈ یونین ،وائس چیئرمین ،ڈائریکٹر فنانس ،ڈائریکٹر برائے شعبہ مزدور ،مجیب الرحمان طورو نے شرکت کی ،پاکستانی وفد میں پاکستان ورکرز فیڈریشن ضلع اسلام آباد کے جنرل سیکرٹری ،پاکستان فیڈریشن آف بلڈنگ اینڈ ووڈ ورکرز کے صدر ،سی ڈی اے مزدور یونین کے جنرل سیکرٹری چوہدری محمد یٰسین ،پاکستان ورکر ز فیڈریشن نادرن پنجاب و آل پاکستان اخبار فروش فیڈریشن کے جنرل سیکرٹری ٹکا خان ،صدر چوہدری محمد شریف اور سی ڈی اے مزدور یونین کے ڈپٹی جنرل سیکرٹری اسد محمود نے شرکت کی ،پاکستان ورکر ز فیڈریشن کے مزدور رہنمائوں چوہدری محمد یٰسین اور ٹکا خان نے چائنہ فیڈریشن آف ٹریڈ یونین کے وفد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاک چین دوستی لازوال ہے اور دونوں ممالک کے درمیان حکومتی سطح کے ساتھ ساتھ مزدور تنظیموں کی سطح پر بہترین تعلقات ہیں اور ہم ان تعلقات کو مزید فروغ دینا چاہتے ہیں ،انھوں نے کہا کہ پاکستان ورکرز فیڈریشن پاکستان میں مزدوروں کی سب سے بڑی مزدوروں کی نمائندہ تنظیم ہے جس کی آٹھ لاکھ سے زائد ممبر شپ اور پاکستان بھر سے چارسو سے زائد ٹریڈ یونینز منسلک ہیں ،پاکستان ورکر فیڈریشن پاکستان بھر کے مزدور وں کے لیے جدوجہد کرتی ہے اور مزدوروں کی تعلیمی استعداد بڑھانے کے لیے ہمہ وقت کوشاں ہے ،پاکستان میں لیبر قوانین موجود ہیں لیکن ان پر عمل درآمد نہ ہونے کی وجہ سے مزدوروں کو انجمن سازی ،سماجی تحفظ ،اجتماعی سوداکاری سمیت دیگر مراعات و سہولیات سے محرومی کا سامنا ہے ،غیر رسمی شعبے کے مزدوروں کو کوئی قانونی تحفظ حاصل نہیں ہے اور تعمیراتی ورکرز کے لیے کوئی قانون سازی نہیںہو رہی جسکی وجہ سے مزدوروں کو مسائل کا سامنا ہے ،انھوں نے کہا کہ چائنہ لیبر فیڈریشن آف ٹریڈ یونین کے ساتھ مزدوروں کے حوالے سے کام کرنا چاہتے ہیں جس سے دونوں ممالک کے مزدوروں کے درمیان تعلقات اور رابطہ کاری مزید بڑھے گی جس سے یقینی طور پر مزدوروں کے مسائل حل ہونگے ،اس موقع پر چائنہ لیبر فیڈریشن آف ٹریڈ یونین کے وفد نے دونوں ممالک کے مزدوروں کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا ،انھوں نے کہا کہ چین میں مزدوروں کے تمام مسائل سہ فریقی مذاکرات کے ذریعے حل کیے جاتے ہیں اور حکومت اس حوالے سے مزدوروں کی مکمل سپورٹ کرتی ہے ،انھوں نے مستقبل میں پاکستان میں کام کرنے والے مزدوروں خصوصاً تعمیراتی مزدوروں کے حوالے سے کام کرنے میں مکمل تعاون کا یقین دلایا اور انھوں نے کہا کہ انشاء اللہ بہت جلد دونوں ممالک کے مزدوررہنمائوں کے درمیان MOUدستخط کیا جائے گا ۔

(جاری ہے)

آخر میں پاک چین دوستی کی روایات کو برقراررکھتے ہوئے دونوں دفود نے آپس میں تحائف تقسیم کیے ۔