چین کی نینگشیا فیڈریشن آف ٹریڈ یونین کے ایک وفد کی پیر کو پاکستان ورکرز فیڈریشن کے رہنمائوں سے ملاقات

پیر 29 جولائی 2019 15:14

چین کی نینگشیا فیڈریشن آف ٹریڈ یونین کے ایک وفد کی پیر کو پاکستان ورکرز ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 جولائی2019ء) چین کی نینگشیا فیڈریشن آف ٹریڈ یونین کے ایک وفد نے پیر کو پاکستان ورکرز فیڈریشن کے رہنمائوں سے ملاقات کی، وفد میں صدر چائنہ فیڈریشن آف ٹریڈ یونین ینگ لنگ،وائس چیئرمین ،ڈائریکٹر فنانس، ڈائریکٹر برائے شعبہ مزدور ،مجیب الرحمان طوروشریک تھے جبکہ پاکستانی وفد میں پاکستان ورکرز فیڈریشن ضلع اسلام آباد کے جنرل سیکرٹری ،پاکستان فیڈریشن آف بلڈنگ اینڈ ووڈ ورکرز کے صدر ،سی ڈی اے مزدور یونین کے جنرل سیکرٹری چوہدری محمد یٰسین ،پاکستان ورکر ز فیڈریشن نادرن پنجاب و آل پاکستان اخبار فروش فیڈریشن کے جنرل سیکرٹری ٹکا خان ،صدر چوہدری محمد شریف اور سی ڈی اے مزدور یونین کے ڈپٹی جنرل سیکرٹری اسد محمود شریک تھے۔

(جاری ہے)

پاکستان ورکر ز فیڈریشن کے مزدور رہنمائوں چوہدری محمد یٰسین اور ٹکا خان نے چائنہ فیڈریشن آف ٹریڈ یونین کے وفد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاک چین دوستی لازوال ہے اور دونوں ممالک کے درمیان حکومتی سطح کے ساتھ ساتھ مزدور تنظیموں کی سطح پر بہترین تعلقات ہیں اور ہم ان تعلقات کو مزید فروغ دینا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ورکرز فیڈریشن پاکستان میں مزدوروں کی سب سے بڑی مزدوروں کی نمائندہ تنظیم ہے جس کی آٹھ لاکھ سے زائد ممبر شپ اور پاکستان بھر سے چارسو سے زائد ٹریڈ یونینز منسلک ہیں ،پاکستان ورکر فیڈریشن پاکستان بھر کے مزدور وں کے لیے جدوجہد کرتی ہے اور مزدوروں کی تعلیمی استعداد بڑھانے کے لیے ہمہ وقت کوشاں ہے ،پاکستان میں لیبر قوانین موجود ہیں لیکن ان پر عمل درآمد نہ ہونے کی وجہ سے مزدوروں کو انجمن سازی ،سماجی تحفظ ،اجتماعی سوداکاری سمیت دیگر مراعات و سہولیات سے محرومی کا سامنا ہے ،غیر رسمی شعبے کے مزدوروں کو کوئی قانونی تحفظ حاصل نہیں ہے اور تعمیراتی ورکرز کے لیے کوئی قانون سازی نہیںہو رہی جسکی وجہ سے مزدوروں کو مسائل کا سامنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ چائنہ لیبر فیڈریشن آف ٹریڈ یونین کے ساتھ مزدوروں کے حوالے سے کام کرنا چاہتے ہیں جس سے دونوں ممالک کے مزدوروں کے درمیان تعلقات اور رابطہ کاری مزید بڑھے گی جس سے یقینی طور پر مزدوروں کے مسائل حل ہونگے ،اس موقع پر چائنہ لیبر فیڈریشن آف ٹریڈ یونین کے وفد نے دونوں ممالک کے مزدوروں کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے کہا کہ چین میں مزدوروں کے تمام مسائل سہ فریقی مذاکرات کے ذریعے حل کیے جاتے ہیں اور حکومت اس حوالے سے مزدوروں کی مکمل سپورٹ کرتی ہے۔

انہوں نے مستقبل میں پاکستان میں کام کرنے والے مزدوروں خصوصاً تعمیراتی مزدوروں کے حوالے سے کام کرنے میں مکمل تعاون کا یقین دلایا اور انھوں نے کہا کہ انشاء اللہ بہت جلد دونوں ممالک کے مزدوررہنمائوں کے درمیان ایم او یو پردستخط کیا جائے گا ۔آخر میں پاک چین دوستی کی روایات کو برقراررکھتے ہوئے دونوں دفود نے آپس میں تحائف تقسیم کیے ۔