Live Updates

منشیات برآمدگی کیس؛ عدالت میں جمع کروائے گئے چالان میں راناثںاءاللہ سے متعلق حیران کن انکشافات

رانا ثناء کے سوٹ کیس کی شیٹ توڑ کر ہیروئن نکالی،رانا ثناء اللہ سے 9 ایم ایم کی ایک پستول بھی برآمد ہوئی۔ اے این ایف کا دعویٰ

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان پیر 29 جولائی 2019 16:28

منشیات برآمدگی کیس؛ عدالت میں جمع کروائے گئے چالان میں راناثںاءاللہ ..
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 29 جولائی 2019ء) : اینٹی نارکوٹکس فورس نے مسلم لیگ نون کے رہنما رانا ثنااللہ کے خلاف نامکمل چالان عدالت میں جمع کرا دیا ہے۔اس حوالے سے میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ انسدادِ منشیات کی عدالت میں رانا ثنااللہ کے خلاف منشیات سمگلنگ کیس کی سماعت ہوئی جس سلسلے میں لیگی رہنما کو عدالت میں پیش کیا گیا۔عدالت میں جمع کرائے جانے والے نامکمل چالان میں کہا گیا ہے کہ رانا ثناء اللہ منشیات کی سمگلنگ میں ملوث ہیں۔

مخبر کی اطلاع پر ان کی گاڑی کو مانیٹر کیا گیا اور ان کو گرفتار کرنے کے لیے ڈپٹی ڈائریکٹر کی سربراہی میں 20 پولیس افسران اور اہلکار تھے۔ملزم کو جب روکا گیا تو گاڑی کی پچھلی سیٹ پر بیٹھے تھے۔رانا ثناء اللہ نے پوچھنے پر پیچھے رکھے سوٹ کیس کی نشاندہی کی۔

(جاری ہے)

سوٹ کیس کی پلاسٹک شیٹ توڑ کر ہیروئن کا پیکٹ نکالا گیا جس کا وزن 21.5 کلوگرام تھا۔اے این ایف دفتر پہنچ کر بند لفافے کا وزن کیا گیا تو 15کلو تھا۔

چالان میں یہ بھی دعویٰ کیا گیا ہے کہ رانا ثناء اللہ سے 9 ایم ایم کی ایک پستول بھی برآمد ہوئی۔منشیات برآمدگی کے الزام میں گرفتار مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر رانا ثنا اللہ اور ان کے پانچ ساتھیوںکے جوڈیشل ریمانڈ میں مزید 11روز کی توسیع کر دی گئی جبکہ عدالت نے آئندہ سماعت پر اینٹی نارکوٹکس فورس سے چالان کی تفصیلی کاپیاں طلب کر لیں، مسلم لیگ (ن) کے صدر و قائد حزب اختلاف محمد شہباز شریف بھی رانا ثنا اللہ سے ملاقات کیلئے عدالت آئے ۔

جب رانا ثنا اللہ کو پیشی کے لئے عدالت لایا گیا تو شہباز شریف خود درواز ے تک گئے اور ان سے گرمجوشی سے گلے ملے اور ان کی خیریت دریافت کی ۔ شہباز شریف اور رانا ثنا اللہ کے درمیان کمرہ عدالت میں گفتگو ہوئی اور رانا ثنا للہ نے شہباز کو سارے کیس کے پس منظر سے آگاہ کیا ۔ اس موقع پر طلال چوہدری ، عطاء اللہ تارڑ سمیت دیگر رہنما بھی موجود تھے۔

شہباز شریف نے کہا کہ سچ کی فتح ہوگی اور آپ نے گھبرانا نہیں ، پوری پارٹی اور قیادت آپ کے ساتھ کھڑی ہے ۔رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ جھوٹے مقدمات میرے حوصلہ پست نہیں کر سکتے۔رانا ثنا اللہ کی عدالت میں پیشی کے موقع پر سکیورٹی کے انتہائی انتظامات کیے گئے تھے ،جوڈیشل کمپلیکس کو آنے والے راستے عام ٹریفک کے لئے بند تھے جبکہ احاطہ عدالت میں بھی صرف وکلا ء اور متعلقہ افراد کو داخلے کی اجازت تھی۔
Live وزیراعظم شہباز شریف سے متعلق تازہ ترین معلومات