چیئرمین سینیٹ عزت بچاتے ہوئے خود ہی استعفیٰ دے دیں. بلاول بھٹو

تحریک عدم اعتماد کامیاب بنانے کے لیے مطلوبہ نمبرز موجود ہیں. چیئرمین پیپلز پارٹی

Mian Nadeem میاں محمد ندیم بدھ 31 جولائی 2019 16:57

چیئرمین سینیٹ عزت بچاتے ہوئے خود ہی استعفیٰ دے دیں. بلاول بھٹو
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔31 جولائی۔2019ء) چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ چیئرمین سینیٹ کے لیے اچھا ہے کہ وہ اپنی عزت بچاتے ہوئے خود ہی اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیں، ونہ کل تو انہیں خود ہی جانا ہے. ان خیالات کا اظہار انہوں نے سینیٹ میں اپوزیشن ارکین کے لیے دیے گئے ظہرانے کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا‘چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اپوزیشن کے پاس چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کو ہٹانے اور ان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کامیاب بنانے کے لیے مطلوبہ نمبرز موجود ہیں.

(جاری ہے)

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ میری تجویز پہلے سے ہی تھی کہ چیئرمین سینیٹ اپنی عزت بچاتے ہوئے استعفیٰ دے دیں، ورنہ کل تو وہ جا ہی رہے ہیں. پیپلز پارٹی کے سربراہ کی جانب سے دیے گئے ظہرانے میں نامزد چیئرمین سینیٹ میر حاصل بزنجو، ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا، شیری رحمان، رضا ربانی، راجہ ظفر الحق، عثمان خان کاکڑ، اشوک کمار، کرشنا کماری، رحمان ملک، مشاہد اللہ خان، یوسف بادینی، بہرامند تنگی، راحیلہ مگسی، عائشہ رضا، نجمہ حمید، نذہت صادق اور رخسانہ زبیری سمیت 51 اراکین نے شرکت کی.

اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے نامزد چیئرمین سینیٹ میر حاصل خان بزنجو نے کہا ہے کہ وہ اسی دن جیت گئے تھے تھے جس دن انہیں چیئرمین سینیٹ نامزد کیا گیا تھا. بلاول بھٹو زرداری کے ظہرانے میں شرکت کے بعد صحافیوںسے گفتگو کرتے ہوئے میر حاصل بزنجو نے دعویٰ کیا کہ انہیں سینیٹ میں 65 اراکین کی حمایت حاصل ہے‘ایک سوال کے جواب میں انہوں نے موجودہ چیئرمین سینیٹ کو تجویز پیش کی کہ وہ اپنا استعفیٰ خود ہی پیش کردیں.

واضح رہے کہ یکم اگست کو ایوان بالا میں چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کے خلاف اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ کی جائے گی جس کے لیے صدر مملکت عارف علوی نے اجلاس طلب کرلیا. ادھر سینیٹ سیکرٹریٹ میں چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے خلاف تحریک عدم اعتماد اور قرارداد کو کل ہونے والے اہم اجلاس کے ایجنڈے میں شامل کرلیا جبکہ اجلاس کی تیاریاں بھی مکمل کرلیں.

سیکرٹری سینیٹ محمد انور نے ووٹنگ کا عمل ملتوی ہونے سے متعلق تاثرات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین کے خلاف قرارداد کل ہی پیش ہوگی جبکہ اس پر ووٹنگ بھی کل ہی مکمل ہوگی انہوں نے کہا کہ ووٹنگ کے لیے 7 روز درکار ہونے سے متعلق تاثرات درست نہیں کیونکہ تحریک عدم اعتماد کا عمل کل ہی مکمل ہوگا. پیپلز پارٹی کے رہنما سید خورشید شاہ نے حکومت کی جانب سے تحریک عدم اعتماد پر ہارس ٹریڈنگ کے خدشے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہارس ٹریڈنگ نے کبھی ملک کو آگے بڑھنے نہیں دیا.

انہوں نے خبردار کیا کہ تحریک عدم اعتماد کے معاملہ پر حکومت ہارس ٹریڈنگ سے باز رہے، ملکی سیاست میں پہلے ہی عدم استحکام ہے‘خورشید شاہ نے دعویٰ کیا کہ انہیں مطلوبہ ہدف سے زائد اراکین کی حمایت حاصل ہے جبکہ مزید کہا کہ ان کے ممبر غیرت مند اور باعزت ہیں. انہوں نے کہا کہ سیاستدانوں اور اداروں کو سوچنا چاہیے کہ وہ ملک کو کس جانب لے جارہے ہیں‘ مہذب ملکوں میں ایک ووٹ پر بھی حکومت بنتی اور اپنی مدت مکمل کرتی ہیں، یہاں ہر شخص اپنی ذات کے لیے سوچتا ہے، پاکستان میں کوئی حکومت نہ کام کرسکتی ہے اور نہ ہی چل سکتی ہے.

دوسری جانب قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کی اور چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کے خلاف تحریک عدم اعتماد کو کامیاب بنانے پر مشاورت کی یہ ملاقات اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کی رہائش گاہ پر ہوئی جہاں مولانا فضل الرحمان اپنے وفد کے ہمراہ پہنچے .

ملاقات کے دوران دونوں راہنماﺅں نے چیئرمین سینیٹ کے خلاف تحریک عدم اعتماد پر مشاورت کی اور اس کی کامیابی کے بعد اگلی حکمت عملی پر مشاورت بھی کی‘علاوہ ازیں دونوں راہنماﺅں نے ملکی سیاسی مجموعی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا‘قبل ازیں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کی زیرِ صدارت پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینیٹرز کی رابطہ کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا.

آج متحدہ اپوزیشن کے اراکین کے لیے عشائیہ دیا جائے گا جس میں مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز بھی شریک ہوں گی. عشائیہ اپوزیشن کے نامزد چیئرمین سینیٹ میر حاصل بزنجو کی جانب سے اسلام آباد کے مقامی ہوٹل میں دیا جارہا ہے‘عشائیے میں اپوزیشن لیڈر اور لیگی صدر شہباز شریف اور نائب صدر مریم نواز، پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سمیت دیگر اپوزیشن جماعتوں کے رہنما و اراکین بھی شریک ہوں گے.

اسلام آباد میں ہی جمعیت علمائے اسلام (ف) کے رہنما اکرم خان درانی کی زیر صدارت اپوزیشن کی رہبر کمیٹی کا اجلاس اپوزیشن لیڈر سینیٹ راجہ ظفر الحق کے چیمبر میں ہوگا‘ذرائع کے مطابق اجلاس میں رہبر کمیٹی کے اراکین شرکت کریں گے جنہیں چیئرمین سینیٹ کے خلاف تحریک عدم اعتماد میں پیشرفت سے متعلق آگاہ کیا جائے گا. علاوہ ازیں اجلاس کے دوران چیئرمین سینیٹ کی تبدیلی کے بعد آئندہ کی حکمت عملی اور حکومتی اتحادی اراکین سے ہونے والے رابطوں پر بھی مشاورت کی جائے گی.