امریکہ چین تجارتی جنگ بھی ہواوے کا منافع کم نہ کرسکی

اپریل سے جون کی سہ ماہی کے دوران اس کی آمدنی میں گزشتہ سہ ماہی کے مقابلے میں 23 فیصد اضافہ ہوگیا ہواوے کو بلیک لسٹ میں شامل کیے جانے کے باعث امریکی پابندیوں سے کاروبار پر پابندی کا سامنا ہے مگر 2019 کے پہلے 6 ماہ کے دوران اس کا منافع 8.7 فیصد اضافے کے ساتھ 58.3 ارب ڈالرز رہا

بدھ 31 جولائی 2019 23:30

واشنگٹن، بیجنگ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 31 جولائی2019ء) امریکا اور چین کے درمیان تجارتی جنگ کے باعث بلیک لسٹ میں شامل ہوکر مختلف پابندیوں کا سامنا کرنے والی چینی کمپنی ہواوے کے منافع میں کوئی کمی نہیں آسکی اور اپریل سے جون کی سہ ماہی کے دوران اس کی آمدنی میں گزشتہ سہ ماہی کے مقابلے میں 23 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ہواوے کو بلیک لسٹ میں شامل کیے جانے کے باعث امریکی پابندیوں سے کاروبار پر پابندی کا سامنا ہے مگر 2019 کے پہلے 6 ماہ کے دوران اس کا منافع 8.7 فیصد اضافے کے ساتھ 58.3 ارب ڈالرز رہا۔

رواں سال کی پہلی ششماہی کے دوران ہواوے نے 11 کروڑ 80 لاکھ اسمارٹ فونز استعمال کیے، جو کہ گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں 24 فیصد زیادہ تھے، اگرچہ پہلی سہ ماہی کے دوران کمپنی نے زیادہ بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا مگر مجموعی طور پر 6 ماہ کے دوران اس کی مجموعی فروخت کی شرح میں گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں 55 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

(جاری ہے)

ہواوے کے چیئرمین لیانگ ہوا کی جانب سے بیان کے مطابق آمدنی میں مئی تک بہت تیزی سے اضافہ ہوا، جس سے ہمیں پہلی ششماہی کے لیے بہتر نشوونما کی بنیاد رکھنے میں مدد ملی، یہی وجہ ہے کہ بلیک لسٹ کیے جانے بعد بھی کمپنی کی آمدنی میں اضافے کی توقع رکھتے ہیں، ایسا نہیں کہ ہمیں ااگے مشکلات کا سامنا نہیں ہوگا، یقیناً ہوگا اور اس سے مختصر مدت کے لیے نشوونما کی رفتار پر اثر پڑسکتا ہے، مگر ہم درست سمت کی جانب گامزن ہیں۔

ہواوے نے پہلی بار اپریل سے جون تک کی سہ ماہی کے نتائج جاری کیے ہیں، ایسا پہلے کبھی نہیں کیا گیا، جس کی ممکنہ وجہ امریکی پابندیوں پر پریشان صارفین کے تحفظات کو دور کرنا ہوسکتی ہے۔ہواوے کی مصنوعات کی سب سے زیادہ فروخت چین میں ہوئی، جہاں اپریل سے جون کے درمیان 3 کروڑ 73 لاکھ سے زائد اسمارٹ فونز فروخت ہوئے اور مجموعی طور پر مارکیٹ شیئر 38 فیصد تک پہنچ گیا، یہ اس وقت ہوا ہے جب چینی مارکیٹ میں 6 فیصد کمی دیکھنے میں آئی۔