پرتھوی شا ڈوپنگ میں پابندی کے دورانئے میں آئی پی ایل کھیلتے رہے:بڑا انکشاف

بورڈ آفیشلز نے پابندی کے دورانیے پر سوال اٹھانے کیساتھ اسے شرمناک بھی قرار دیا

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 1 اگست 2019 13:44

پرتھوی شا ڈوپنگ میں پابندی کے دورانئے میں آئی پی ایل کھیلتے رہے:بڑا ..
ممبئی(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔یکم اگست2019ء) بھارتی بیٹسمین پرتھوی شا کا ڈوپنگ میں پابندی کے دورانیے میں آئی پی ایل کھیلنے کا انکشاف ہوا ہے۔بھارتی بورڈ کی جانب سے گزشتہ روز ان پر ڈوپنگ ٹیسٹ میں ناکام رہنے کی وجہ سے 8 ماہ کی پابندی عائد کرنے کا اعلان ہوا، جس کا آغاز رواں برس 16 مارچ سے ہوچکا جبکہ اختتام 15 نومبر کو ہونا ہے، اب انکشاف ہواکہ جس مدت کو بی سی سی آئی نے ان کی پابندی کا عرصہ قرار دیا وہ اس وقت آئی پی ایل میں دہلی کیپیٹلز کی نمائندگی میں مصروف تھے۔

بورڈ کے کچھ آفیشلز نے نہ صرف اس پابندی کے دورانیے پر سوال اٹھائے بلکہ اسے شرمناک بھی قرار دیا۔ یاد رہے کہ 22فروری کو اندور میں سید مشتاق علی ٹرافی میں پنجاب کے خلاف میچ کے دوران پرتھوی کے پیشاب کے نمونے ٹیسٹ کے لیے جمع کیے گئے تھے جس میں بعدازاں ممنوعہ ادویہ کی موجودگی کا انکشاف ہوا۔

(جاری ہے)

اوپننگ بلے باز نے موقف اختیار کیا کہ انہوں نے جو کھانسی کی دوا استعمال کی تھی اس میں یہ ممنوعہ ادویہ پائی جاتی ہے۔بی سی سی آئی نے طبی ماہرین سے مشورے کے بعد ان کی وضاحت کو قبول کرتے ہوئے ان پر صرف 8ماہ کی پابندی عائد کی ہے تاہم دوبارہ اس طرح کی غلطی کی صورت میں ان پر طویل مدت کے لیے پابندی لگائی جا سکتی ہے۔