اگر اس ایوان میں بیٹھے لوگ طے کریں تو پاکستان ریاست مدینہ ضرور بنے گا‘

مہر قبیلہ ہمیشہ مسلح افواج کے شانہ بشانہ رہا ہے‘ قیام پاکستان میں بھی ان کا کردار مثالی ہے، آئندہ بھی جب وطن عزیز کو خون کی ضرورت پڑی تو ہم دیں گے نومنتخب رکن محمد بخش مہر کا قومی اسمبلی میں اظہارخیال

جمعرات 1 اگست 2019 20:56

اسلام آباد ۔ یکم اگست (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 اگست2019ء) گھوٹکی سے نومنتخب رکن محمد بخش مہر نے کہا ہے کہ اگر اس ایوان میں بیٹھے لوگ طے کریں تو پاکستان ریاست مدینہ ضرور بنے گا‘ مہر قبیلہ ہمیشہ مسلح افواج کے شانہ بشانہ رہا ہے‘ قیام پاکستان میں بھی ان کا کردار مثالی ہے‘ آئندہ بھی وطن عزیز پر کوئی آنچ آئی تو ہماری گردنیں حاضر ہیں۔

جمعرات کو قومی اسمبلی میں نکتہ اعتراض پر محمد بخش مہر نے کہا کہ گھوٹکی کے عوام اور اپنے قائد کا مشکور ہوں۔ میں اس ہائوس میں آنے پر فخر محسوس کرتا ہوں۔ سندھ نے پاکستان بنانے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔ مہر قبائل قیام پاکستان اور 1965ء اور 1971ء کی جنگوں میں پاک فوج کے شانہ بشانہ تھے۔ آئندہ بھی جب وطن عزیز کو خون کی ضرورت پڑی تو ہم دیں گے۔

(جاری ہے)

میرے والد 1977ء میں پی پی کی اس ایوان میں نمائندگی کر رہے تھے اور آج میں یہاں موجود ہوں۔ مجھے 19 ہزار ووٹوں سے کامیابی ملی۔ ہم اپنی قوم کے خدمت گار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا مذہب ہمیں نفرت سے دور اور پیار سکھاتا ہے۔ ایک دن آئے گا یہ ملک خوشحال ہوگا۔ سیاست ایک عبادت کا درجہ رکھتی ہے۔ اس ایوان میں بیٹھے لوگوں نے اگر طے کرلیا کہ اس ملک کو ریاست مدینہ بنانا ہے تو یہ ضرور بنے گا۔ انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو کی ولولہ انگیز قیادت میں اپنے حلقے کے عوام کی خدمت کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ مجھ سے پہلے جو میرے حلقے سے اس ایوان کے رکن تھے وہ میرے کزن علی محمد مہر تھے۔ ان کے لئے دعائے مغفرت کرائیں۔