جمعیت علماء اسلام (س) کے سربراہ کا5 اگست کو تحفظ ختم نبوت آل پارٹیز کانفرنس کے انعقاد کا فیصلہ

ہر محب وطن پاکستانی مسلمان گہری تشویش میں مبتلا ہے اوردینی ،قومی رہنماؤں کی طرف سے لائحہ عمل اور فکری رہنمائی کا منتظر ہے مل بیٹھنے ،مسائل پر غوروفکر کرنے اور متفقہ لائحہ عمل کے ذریعے قوم کی رہنمائی کرنا وقت کا اہم ترین فریضہ ہے،مولانا حامد الحق حقانی

جمعرات 1 اگست 2019 21:20

اکوڑہ خٹک(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 اگست2019ء) جمعیت علماء اسلام (س) کے سربراہ مولانا حامد الحق حقانی نے 5 اگست کے دن سہ پہر تین بجے اسلام آباد ہوٹل ہالیڈے ان میں ملک میں قادیانیوں کی بڑھتی ہوئی سرگرمیاں،سامراجی قوتوں کی طرف سے دستور پاکستان میں شامل اسلامی دفعات کو ختم کرنے کے مطالبے،آئی ایم ایف اور دیگر عالمی مالیاتی اداروں کی اقتصادی غلامی ،کشمیر اورافغانستان میں جاری خونریزی،دہشت گردی کی حالیہ لہر ،کمر توڑ مہنگائی جیسے بڑے مسائل پر تحفظ ختم نبوت آل پارٹیز کانفرنس کے انعقاد کا فیصلہ کیا ہے ، اس سے ہر محب وطن پاکستانی مسلمان گہری تشویش میں مبتلا ہے، اوردینی ،قومی رہنماؤں کی طرف سے لائحہ عمل اور فکری رہنمائی کا منتظر ہے۔

ایسے حالات میں مل بیٹھنے ،مسائل پر غوروفکر کرنے اور متفقہ لائحہ عمل کے ذریعے قوم کی رہنمائی کرنا وقت کا اہم ترین فریضہ ہے، چنانچہ اس سلسلے میں جمعیت علمائے اسلام پاکستان مولانا سمیع الحق شہید کی جماعت 5/ اگست 2019 بروز پیر بوقت سہ پہر 3:00 بجے اسلام آباد ہوٹل (ہالیڈے اِن ہوٹل ) اسلام آباد میں دینی ،قومی رہنماؤں کی آل پارٹیز کانفرنس کا اہتمام کررہی ہے۔

(جاری ہے)

کانفرنس میں شرکت کیلئے مختلف جماعتوں کے قائدین سے رابطے مکمل ہوگئے ہیں جن میں مسلم لیگ(ن) کے چیئرمین راجہ سلیم بیگ،راجہ محمد ظفرالحق،جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق،مسلم لیگ (ضیائ) کے محمد اعجاز الحق،نوجوانان پاکستان کے محمد عبداللہ گل،اہل سنت والجماعت کے مولانا محمد احمد لدھیانوی، پی ایس پی کے مصطفی کمال،عالمی مجلس ختم نبوت کے مولانا اللہ وسایا،انٹرنیشنل ختم نبوت کے مولانا محمد الیاس چنیوٹی،انصار الامہ کے سربراہ مولانا فضل الرحمن خلیل،مرکزی جمعیت اہل حدیث کے پروفیسر ساجد میر،پی پی پی کے قمر زمان کائرہ،مجلس احرار اسلام کے مولانا سید محمد کفیل شاہ ،مولانا زاہد محمود قاسمی، جمعیت علماء پاکستان (نورانی) مولانا ڈاکٹر ابوالخیر زبیر،تنظیم اسلامی کے سربراہ مولانا حافظ عاکف سعید،پاکستان شریعت کونسل کے مولانا زاہد الراشدی، جے یو پی کے مولانا اویس نوانی، شیخ الاسلام حضرت مولانا جسٹس تقی عثمانی ،جمعیت علماء اسلام نظریاتی کے مولانا خلیل احمد مخلص ،مولانا فضل الرحمن اشرفی، وفاق المدارس کے مولانا محمد حنیف جالندھری نے کانفرنس میں شرکت کی حامی بھرلی ہے، اسی طرح پاکستان پیپلز پارٹی ،عوامی نیشنل پارٹی ،قومی وطن پارٹی، جمعیت علمائے اسلام ،پاکستان عوامی پارٹی، ہدیة الھادی،اشاعت التوحید اوردیگر تنظیموں و جماعتوں سے رابطوں کے لئے مولانا حامد الحق حقانی نے مولانا عبدالروف فاروقی ،مولانا سید یوسف شاہ مولانا شاہ عبدالعزیز ،مولانا مفتی اسرائیل،مولانا عرفان الحق ،مولانا عبدالخالق ،مولانا محمد ایوب ،مولانا درخواستی اور دیگر علماء کا وفد مقرر کردیا ہے ، جو آج کل میں رابطہ مکمل کرلیں گے، اسی طرح ملک کے معروف صحافیوں اوردانشوروں سے بھی رابطے کئے جارہے ہیں۔