Live Updates

زرداری نے اپنے بچے صادق سنجرانی کو بچالیا،

پہلے کہہ دیا تھاکہ تحریک عدم اعتماد ناکام ہوگی ،شیخ رشید

جمعہ 2 اگست 2019 17:15

زرداری نے اپنے بچے صادق سنجرانی کو بچالیا،
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 اگست2019ء) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا ہے کہ آصف زرداری نے صادق سنجرانی کو اپنا بچہ قرار دیا جسے انہوں نے خود بنایا تھا، اب بچہ بچ گیا ہے تو اب رو کیوں رہے ہیں۔ مریم نواز آنکھ دکھا کر باپ کو بچانا چاہتی ہیں جبکہ شہباز شریف جی حضوری کر کے اپنے بیٹے حمزہ کو بچانا چاہتے ہیں۔ میں فضل الرحمان کو استعفیٰ نہیں دوں گا، البتہ بلاول مجھ سے استعفیٰ مانگیں گے تو میں ان کے ہاتھ میں استعفیٰ دوں گا۔

کہاں حاصل بزنجو کہاں جنرل فیض، میں آصف غفور کو کہوں گا کہ آئی ایس پی آر کو جواب دینے کی ضرورت ہی نہیں تھی جانے دیں ان کی اوقات ہی کیا ہے۔پچھلے سال کے مقابلے میں ریلوے میں کم حادثات ہوئے، ایم ایل ون بنے گی تو ریلوے حادثات سے محفوظ ہو جائے گی ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوںنے جمعہ کو پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔شیخ رشید نے کہا کہ بارشوں کے باعث ٹریک متاثر ہونے کی وجہ سے 90 روز کے اندر کراچی میں 5 لاہور میں 2 نئی واشنگ لائز بنائی جائیں گی۔

انہوں نے بتایا کہ 138 ٹرینیں اور50 مال گاڑیاں چل رہی ہیں ایم ایل 1 کے تحت ہی نئی سگنلز اور نئے ٹریک بنائے جائیں گے اور یہاں سے ٹریک اکھاڑ کے برانچ لائنز میں لے جائی جائیں گی۔ان کا کہنا تھا کہ کراچی کے گرد و نواح میں سینکڑوں افراد ٹریک پر بیٹھے رہتے ہیں جبکہ سکھر میں ٹریک کے ساتھ قبریں تعمیر کرلی گئی ہیں جو افسوسناک پہلو ہے اس پر قوم کو توجہ دینی ہے اس طرح ٹرین نہیں چل سکتی کیوں کہ70 فیصد آبادی کے درمیان سے ٹریک گزرتا ہے اور مسافروں کی تعداد 70 لاکھ سے بڑھ کر ایک کروڑ تک جاپہنچی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ واشنگ لائن کے ساتھ ساتھ کراچی سرکلر ریلوے کا 38 کلومیٹر تک ٹریک خالی کروایا جاچکا ہے اب 4 سے 5 کلومیٹر رہ گئی ہے جسے سندھ گورنمنٹ کے تعاون بغیر خالی کرانا ممکن نہیں۔شیخ رشید نے کہا کہ سندھ ایکسپریس کو سکھر کے بجائے ملتان تک توسیع دی جارہی ہے جو کراچی سے ملتان جائے گی، لاڑکانہ میں صورتحال انتہائی ابتر ہے اس پر میں سندھ حکومت سے درخواست کرتا ہوں کہ خدا کے واسطے ان پر رحم کھائیں کہ بچے بھی پٹریوں پر پیدا ہورہے ہیں۔

وزیر ریلوے نے بتایا کہ 10 اگست سے سندھ ایکسپریس ملتان کے لیے چلنا شروع ہوجائیگی اس کے ساتھ ایندھن کی قیمت بڑھنے کے باعث مال گاڑیوں کے کرایوں میں 20 فیصد اضافہ کیا جارہا ہے۔انہوں نے اعلان کیا کہ کراچی پورٹ ٹرسٹ سے ایس اے پی ٹی ایل کا معاہدہ ہونے جارہا ہے جس کی وجہ سے کراچی شہر میں داخل ہوئے بغیر مال اپ ٹان کی جانب روانہ ہوجائے گا جس سے کراچی کے ٹریفک اور ماحولیاتی آلودگی میں کمی آئے گی۔

گاڑیوں کے ایکسیڈنٹ کے حوالے سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ حادثات کی تعداد گزشتہ سالوں سے کم ہے اب تک تین بڑے حادثے ہوئے ہیں، 18گھنٹے کام کرتا ہوں اس سے زیادہ میں کام نہیں کرسکتا، یہ پٹری اتنی زیادہ پرانی ہے صرف ایم ایل ون بننے کی صورت میں ہی ریلوے محفوظ ہوسکتی ہے جس کا آغاز اسی سال ہوجائے گا۔انہوں نے دعوی کیا کہ ریلوے زبردست انداز میں چل رہی ہے، بڑی عید پر کوئی سیٹ خالی نہیں 11 ہزار سے 13 ہزار ٹرینز ہوگئیں ہیں، ترقی کا راز ایم ایل ون ہے، امریکا سے آئے ہوئے 9 لوکوموٹیو خراب ہیں جو 15 اگست ٹھیک ہوجائیں گے۔

۔شیخ رشید احمد نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ فضل الرحمان کے بجائے بلاول کو استعفیٰ دوں گا، سب کو پتا ہے بلاول کو استعفیٰ کیوں دینا چاہتا ہوں، خود کہتا ہوں ایک سیٹ کا لیڈر ہوں ۔ لوگ کہتے ہیں کہ آصف زرداری سب پہ بھاری ہے میں کہوں گا کہ راولپنڈی کی ایک سیٹ سب پہ بھاری ہے۔ فضل الرحمان مدرسوں کو نہ بہکائیں، وہ باز نہ آئے تو خود مدرسوں میں جاؤں گا، پہلے مریم نواز اور شہباز شریف خود ایک پلیٹ فارم پر آئیں، کسی پارٹی کیساتھ لڑائی نہیں ہے،انہوںنے کہا کہ حسین حقانی غدار کو زرداری نے پالا تھا اور اس نے عمران خان کا دورہ ناکام کرنے کی کوشش کی ۔

عمران خان کا دورہ اتنا کامیاب تھا کہ سفرکی تھکان بھی نہیں اتری اور امداد شروع ہو گئی ہے۔انہوںنے کہا کہ مریم نواز آنکھ دکھا کر باپ کو بچانا چاہتی ہیں جبکہ شہباز شریف جی حضوری کر کے اپنے بیٹے حمزہ کو بچانا چاہتے ہیں۔انہوںنے کہا کہ ایفی ڈرین اور مانی کرنے والے امریکا بھاگ گئے ہیں ۔سینیٹر حاصل بزنجو کے حساس ادارے کے سربراہ کے بارے میں دیے گئے ریمارکس پر شیخ رشید نے کہا کہ کہاں حاصل بزنجو کہاں جنرل فیض، میں آصف غفور کو کہوں گا کہ آئی ایس پی آر کو جواب دینے کی ضرورت ہی نہیں تھی جانے دیں ان کی اوقات ہی کیا ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات