مقبوضہ کشمیر میں خوف کے سائے ‘ہندﺅ یاتریوں کو وادی چھوڑنے کا حکم

28ہزار اضافی فوج تعینات‘بھارتی حکومت بڑا آپریشن کرنے کی تیاریاں کررہی ہے. بھارتی صحافی

Mian Nadeem میاں محمد ندیم ہفتہ 3 اگست 2019 14:26

مقبوضہ کشمیر میں خوف کے سائے ‘ہندﺅ یاتریوں کو وادی چھوڑنے کا حکم
سری نگر(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔03 اگست۔2019ء) مقبوضہ کشمیر میں خوف کے سائے لہرانے لگے، بھارت نے وادی میں 28 ہزار اضافی بھارتی فوج تعینات کر دی ہے، ساتھ ہی بھارتی یاتریوں کو وادی چھوڑنے کا کہہ دیا گیا ہے. ایک حکم نامے میں امرناتھ یاترا کے لیے آئے یاتریوں اور سیاحوں کو فوراً وادی چھوڑنے کے لئے کہا گیا ہے‘بھارتی پولیس نے غیر ملکی چینل کو بتایا کہ انہیں امن و امان کی غیر معمولی صورتحال کے لیے فوری تیار رہنے کا حکم دیا گیا ہے.

صورتحال خراب ہونے کے خدشے کی وجہ سے مقامی افراد نے خوراک ادویات اور فیول کا ذخیرہ کرنا شروع کر دیا، 35 اے کیس کی سماعت بھی 15 اگست کے بعد متوقع ہے.

(جاری ہے)

رپورٹ کے مطابق بھارت نے ہندو اکثریت والے علاقوں کو علیحدہ ریاست جبکہ کشمیر اور لداخ کو مرکز کے زیرِ انتظام خطے قرار دینے کا فیصلہ کیا ہے‘حریت رہنما میر واعظ عمر فاروق کے مطابق گزشتہ ایک ہفتے سے وادی میں خوف کی فضا قائم ہے‘محبوبہ مفتی کے مطابق وادی میں بڑی کارروائی ہونے جا رہی ہے.

مقبوضہ وادی کی سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے ٹویٹ کیا کہ سری نگر کی گلیوں میں افراتفریح مچی ہوئی ہے لوگ اے ٹی ایم، پیٹرول پمپ اور روز مرّہ کی ضروریات کی چیزیں لینے کےلئے بھاگ رہے ہیںکیا بھارتی حکومت کو صرف یاتریوں کی فکر ہے،کشمیریوں کو اپنے حال پر چھوڑدیاگیا ہے؟واقعے کے متعلق بھارت سے بھی آوازیں اٹھنا شروع ہوگئیں ہیں صحافی نروپما سبرامنین کہتی ہیں پہلے سے زیادہ فوجیوں، بہترانٹیلیجنس اور دہشت گردی کے خلاف کئی کامیابیاں جن کا دعویٰ کیا گیا ہے، حکومت کیوں اتنی بےبس ہے کہ یاتریوں کو فوری طور پر واپس جانے کا کہہ رہی ہے کیا یہ ناکامی کا اعتراف نہیں؟جموں اور کشمیر پیپلز موومنٹ کے صدر شاہ فیصل نے ٹویٹ کیا کہ جموں وکشمیر حکومت نے سیاحوں اور امرناتھ یاتریوں کو فوری طور پر سیکیورٹی کے پیشِ نظر کشمیر چھوڑنے کا کہاہے کیا حکومت وہاں کے مقامیوں کےلئے بھی کچھ سوچ رہی ہے؟کیا کشمیریوں کوبھی کہیں اور چلے جانا چاہیئے یا ہماری زندگیاں معنی نہیں رکھتیں؟صحافی راجدیپ سردیسائی نے کہا حکومت نے سیکورٹی خدشات کے تحت سیاحوں اور امرناتھ یاتریوں کو فوری طور پر کشمیر چھوڑنے کا کہامعیشت کے متعلق کی جانے والی تنبیہ ان سرخیوں میں کہیں کھو جائیں گی انہوں نے اس خدشے کا بھی اظہار کیا کہ حکومت کشمیر میں ایک بڑے آپریشن کا ارادہ رکھتی ہے.

ادھر بھارتی فوج نے سرچ آپریشن کی آڑ میں بارہ مولہ کے علاقے میں ایک کشمیری نوجوان کو شہید کر دیا.