اگر این آر او نہ ہوا تو آنے والے دنوں میں 10 اہم شخصیات گرفتار ہو جائیں گی

معروف صحافی و تجزیہ کار عارف حمید بھٹی نے اہم خبر دے دی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 6 اگست 2019 10:21

اگر این آر او نہ ہوا تو آنے والے دنوں میں 10 اہم شخصیات گرفتار ہو جائیں ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔06 اگست 2019ء) : نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے معروف صحافی اور تجزیہ کار عارف حمید بھٹی نے کہا کہ آئندہ دو ماہ میں اینٹی کرپشن میں دس سے بارہ شخصیات گرفتار ہونے والی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ ان شخصیات کے شواہد اکٹھے ہیں۔ اگر این آر او نہ ہوا تو یقیناً ان کو گرفتار کر لیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کل اتوار کو بھی اینٹی کرپشن کا دفتر کُھلا تھا۔

جن لوگوں کے خلاف شواہد اکٹھے کیے گئے ہیں ان کے خلاف ضرور کارروائی ہو گی اور اہم شخصیات کی گرفتاری کا بھی امکان ہے۔ یاد رہے کہ حال ہی میں ایک صحافی اعزاز سید نے بھی اپنے کالم میں مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز اور مسلم لیگ ن کی رہنما مریم اورنگزیب کی گرفتاری کا فیصلہ کیے جانے کی خبر دی تھی۔

(جاری ہے)

عروف صحافی اعزاز سید کا اپنےکالم "اپوزیشن ناکام کیوں ہوئی" میں چئیرمین سینیٹ کے خلاف تحریک عدم اعتماد ناکام ہونے کے بعد کی صورتحال پر لکھا ہے کہ مجھے چئیرمین سینیٹ کے خلاف تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ سے قبل بتایا گیا تھا کہ جلد مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کے خلاف مقدمات اور گرفتاریوں میں طوفان آئے گا۔

اس بار گرفتاریوں کی فہرست میں مسلم لیگ ن کی رہنما مریم نواز اور ن لیگ کی ترجمان مریم اورنگزیب شامل ہیں۔اس کے علاوہ پارٹی کے جنرل سیکرٹری احسن اقبال اور جاوید لطیف بھی شامل ہیں۔اعزاز سید نے مزید لکھا ہے کہ وفاقی کابینہ کا ایک رکن نیب لاہور کے سربراہ کو قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر میاں شہباز شریف کی گرفتاری کے بارے میں اکثر رابطہ کر کے اصرار کرتا ہے یعنی شہباز شریف کی ایک بار پھر گرفتاری عمل میں لائی جائے گی۔ تاہم اب عارف حمید بھٹی نے بھی آئندہ دو ماہ کے دوران اہم شخصیات کی گرفتاری کا عندیہ دے دیا ہے۔