نیشنل بینک آف پاکستان اور" ورلڈ ریمٹ" کے اشتراک سے سمندر پار مقیم پاکستانیوں کو ترسیلات زر بھیجنے کے لئے محفوظ، تیز تر اور سستی ترین سہولت دستیاب ہوگی

منگل 6 اگست 2019 11:29

نیشنل بینک آف پاکستان اور" ورلڈ ریمٹ" کے اشتراک سے سمندر پار مقیم پاکستانیوں ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 اگست2019ء) نیشنل بینک آف پاکستان ( این بی پی) اوررقوم کی بین الاقوامی ترسیل کے لئے خدمات فراہم کرنے والی کمپنی " ورلڈ ریمٹ" کے اشتراک سے سمندر پار مقیم پاکستانیوں کو ترسیلات زر بھیجنے کے لئے محفوظ، تیز تر اور سستی ترین سہولت دستیاب ہوگی۔ دنیا کے 50 سے زائد ممالک میں مقیم پاکستانی اس سہولت سے استفادہ کے تحت ملک بھر میں نیشنل بینک کی 1500 سے زائد برانچز اور ڈاک خانہ جات کے ذریعے 10 منٹ سے بھی کم وقت میں اپنے ملک میں عزیز و اقارب اور اہل خانہ کو بآسانی رقوم بھیج سکیں گے۔

این بی پی کے صدر عارف عثمانی نے کہا ہے کہ پاکستان آبادی کے حوالے سے دنیا کا چھٹا بڑاملک ہے اور دنیا کے پچاس سے زائد ممالک میں 76 لاکھ سے زائد پاکستانی مقیم ہیں جو باقاعدگی سے اپنے اہل خانہ اور عزیز و اقارب کو ترسیلات زر بھیجتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ سمندر پار مقیم پاکستانی سالانہ 20 ارب ڈالر سے زائد کی ترسیلات کرتے ہیں جو پاکستان کے زرمبادلہ کاایک بڑا اور اہم ذریعہ ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ورلڈ ریمٹ کے اشتراک سے سمندر پار مقیم پاکستانی بآسانی اپنی رقوم محفوظ ترین، سستے اورکم تر وقت میں ترسیلات اپنے ملک میں بھیج سکیں گے جو ان کے وصول کنندہ این بی پی کی 1500 سے زائد برانچز اور مخصوص ڈاک خانہ جات سے 10 منٹ سے بھی کم وقت میں وصول کر سکیں گے۔