بجلی،گیس،پٹرولیم مصنوعات کی قیمت زائد ہونے کے باعث عالمی منڈیوں میں پاکستانی مصنوعات کیلئے شدید مشکلات پیدا ہو رہی ہیں ، ترجمان پاکستان ٹیکسٹائل ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کی اپیل

منگل 6 اگست 2019 15:03

بجلی،گیس،پٹرولیم مصنوعات کی قیمت زائد ہونے کے باعث عالمی منڈیوں میں ..
فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 اگست2019ء) پاکستان ٹیکسٹائل ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے ترجمان نے کہاہے کہ خطہ کے دیگر ممالک کی نسبت پاکستا ن میں بجلی،گیس،پٹرولیم مصنوعات کی قیمت زائد ہونے کے باعث عالمی منڈیوں میں پاکستانی مصنوعات کے لئے شدید مشکلات پیدا ہو رہی ہیں کیونکہ چین میں بجلی 81 فیصد، بنگلہ دیش میں 95 فیصد، سری لنکا میں 46 فیصد ، بھارت میں 22فیصد سستی ہے یہی حال گیس اورپٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا بھی ہے لہٰذا حکومت پاکستان بھی صنعتی ضروریات کیلئے بجلی،،گیس،پٹرولیم مصنوعات فوری سستی کرے تاکہ عالم اقوام کی مصنوعات کا انٹر نیشنل مارکیٹس میں مقابلہ اور صنعتی ضروریات کو پورا کیا جا سکے۔

میڈیا سے بات چیت کے دوران انہوں نے کہاکہ خطے کے دیگر ممالک کی نسبت پاکستان میں بجلی،،گیس،پٹرولیم مصنوعات کے نرخ زیادہ ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ حکومت بجلی،،گیس،پٹرولیم مصنوعات کے نرخوں پر فوری نظر ثانی کرے کیونکہ اس کے بغیر عالمی مارکیٹ میں مسابقت ممکن نہیں۔ انہوںنے کہاکہ خطہ کے دیگر ممالک جن کی مصنوعات کا پاکستان کو عالمی منڈیوں میں مقابلہ کرنا پڑ رہا ہے وہاں بجلی،،گیس،پٹرولیم مصنوعات کہیں زیادہ سستی ہیں لیکن ہماری پیداواری لاگت زیادہ ہونے کی وجہ سے تجارت اور سرمایہ کاری سمیت برآمدات کے ضمن میں حوصلہ شکنی ہوئی اور ملک میں نئی سرمایہ کاری کا عمل بھی متاثر ہو رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک کی مجموعی بجلی کا40 فیصد صنعتی سیکٹر استعمال کرتا ہے اور بجلی،،گیس،پٹرولیم مصنوعات کے نرخوں کا سب سے زیادہ اثر بھی اسی سیکٹر پر پڑ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بجلی،گیس کی تقسیم کار کمپنیوں کی صلاحیت میں اضافہ کرکے بجلی،گیس کی تقسیم کے نظام کو مزید بہتر کیا جا سکتا ہے جس سے نہ صرف اربوں روپے حکومتی خزانے میں جمع ہوں گے بلکہ بجلی و گیس کی لوڈ شیڈنگ پر قابو پانے میں بھی مدد ملے گی۔