پاکستان میں ترکی کی براہ راست سرمایہ کاری 147 فیصد اضافہ خوش آئند ہے‘زاہد بخاری

غیر ملکی سرمایہ کاروں کو مراعات کی فراہمی سے ملک میں غیر ملکی سرمایہ کاری میں مزید اضافہ ہوگا ‘ پاکستان انٹرپرنیورزفورم گروپ

منگل 6 اگست 2019 15:38

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 اگست2019ء) پاکستان انٹرپرنیورزفورم کے سیکرٹری اطلاعات زاہد بخاری نے پاکستان اور ترکی کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں پیش رفت اور پاکستان میں ترکی کی براہ راست سرمایہ کاری میں147.65فیصد اضافہ کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم کے دورہ تروکی کے دوران اعلیٰ حکام ، تاجروں اور سرمایہ کاروں سے ملاقات میں ترکی کی بزنس کمیونٹی کے نام اپنے پیغام میں کہا تھا کہ ترکی کے سرمایہ کار تعمیرات سے لے کر سیاحت اور قدرتی وسائل کی دریافت تک کے پراجیکٹس میں حصہ لیں انہوںنے ترکی کے سرمایہ کاروں کو تسلی دی تھی کہ غیر ملکی سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولیات دے رہی ہے اور اس سلسلے میں سرخ فیتے کو بالکل ختم کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے صنعتکاروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ زاہد بخاری نے کہا کہ مالی سال 2017-18میں پاکستان میں ترکی کی براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کا حجم 29.8ملین ڈالر ریکار ڈ کیا گیا تھا براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کے علاوہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت کے شعبے میںبھی پیش رفت ہورہی ہے۔ انہوںنے کہا کہ غیر ملکی سرمایہ کاروں کو مراعات کی فراہمی سے ملک میں غیر ملکی سرمایہ کاری میں مزید اضافہ ہوگا سرمایہ کاری میں اضافہ کیلئے حکومت صنعتی شعبہ کی پیداواری لاگت میں کمی لانے کیلئے اقدامات کرے اور گیس و بجلی کی قیمتوں میں کمی لائی جائے تاکہ غیر ملکی سرمایہ کاروں کو ملک میں سرمایہ کاری کی ترغیب ہو۔