کنٹرول لائن پر کلسٹر بموں کے استعمال کی پرزور مذمت کرتے ہیں،اقوام متحدہ نوٹس لے، آر سی سی آئی

منگل 6 اگست 2019 18:59

کنٹرول لائن پر کلسٹر بموں کے استعمال کی پرزور مذمت کرتے ہیں،اقوام متحدہ ..
راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 اگست2019ء) راولپنڈی چیمبر آف کامرس کے صدر ملک شاہد سلیم نے کشمیر میں نہتے شہریوں پر کلسٹر بم حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ عالمی برادری، اقوام متحدہ اور اسلامی تعاون تنظیم (OIC)معاملے کو نوٹس لے اور فوری مداخلت کرے، تاجربرادری کشمیری عوام کے ساتھ کھڑی ہے۔ مشکل کی اس گھڑی میں کشمیری عوام کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔

عالمی برادری اس سنگین صورتحال کا نوٹس لے اور ایل او سی پر مبصر مشن فوری بھیجے۔ یہ بات قابل افسوس ہے کہ کشمیر میں جاری قتل عام پر انسانی حقوق کے عالمی ادارے اور تنظیمیں خاموش ہیں۔ سارک ممالک کو معاملے کی سنگینی کا احساس کرنا چاہیئے یہ پورے خطے کے امن کا معاملہ ہے۔ یورپی یونین سمیت عالمی طاقتیں مسلے کو حل کرنے کے لیے اپنا اثرو رسوخ استعمال کریں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کشمیر جنوبی ایشیا میں فلیش پوائنٹ بن چکا ہے۔ بھارت کسی بھی قسم کے ایڈوینچر سے باز رہے، تاجر برادری جانی ومالی ہر قسم کی قربانی دینے کے لیے تیار ہے۔ ملک شاہد سلیم نے کہا کہ بھارت اور پاکستان کے درمیان تنازعے کی بڑی وجہ کشمیر ہے ، بھارت کو کشمیریوں کو استصواب رائے کا حق دینا ہو گا۔ جنوبی ایشیا میں امن صرف اسی صورت قائم ہو سکتا ہے جب پاکستان اور بھارت کے درمیان تمام تصفیہ طلب مسائل حل کر لیے جائیں گے۔ خطے اور بالخصوص پاکستان اور بھارت کے درمیان تجارت صرف اسی صورت بڑھ سکتی ہے جب خطے میں امن ہو گا۔ اس موقع پر سینئر نائب صدر محمد بدر ہارون، نائب صدر فیاض قریشی اور دیگر چیمبر ممبران بھی موجود تھے۔