تقریری مقابلوں کا مقصد ان بچوں میں تعلیم کے ساتھ ساتھ صفائی کی اہمیت کو بھی اجاگر کرنا ہے، محمدعبدالشکور، صدر الخدمت فاوٴنڈیشن پاکستان

الخدمت فاوٴنڈیشن کے آرفن کیئر پروگرام کے زیرِ اہتمام ”صفائی کی اہمیت“ کے عنوان کے تحت کُل پاکستان تقریری مقابلہ، آزاد کشمیر کے ذوالقرنین نے پہلی، سرگودھا سے علینہ نے دوسری اورسکھر سے غلام علی نے تیسری پوزیشن حاصل کی

Umer Jamshaid عمر جمشید منگل 6 اگست 2019 19:09

تقریری مقابلوں کا مقصد ان بچوں میں تعلیم کے ساتھ ساتھ صفائی کی اہمیت ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 06 اگست2019ء) الخدمت فاوٴنڈیشن کے کفالت یتامیٰ پروگرام کے زیرِ اہتمام الخدمت کمپلیکس میں کل پاکستان تقریری مقابلے کا انعقاد کیا گیا۔ ”صفائی کی اہمیت“ کے عنوان کے تحت منعقدہ تقریری مقابلے کی تقریب میں الخدمت فاوٴنڈیشن کے صدر محمدعبدالشکور،سینئر نائب صدر سید احسان اللہ وقاص، اسسٹنٹ سیکرٹری جنرل احمد جمیل راشد، الخدمت کفالت یتامیٰ پروگرام کے نیشنل ڈائریکٹر بریگیڈیئر(ر) عبد الجباربٹ، ایگزیکٹو ڈائریکٹر شاہد اقبال اور ملک بھر کے مختلف ریجنزمیں منعقدہ تقریری مقابلہ جات میں پوزیشن ہولڈرز بچوں اور ان کی ماوٴں نے خصوصی شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے محمد عبدالشکور نے کہا کہ تقریری مقابلے کروانے کا مقصد بچوں میں صفائی کی اہمیت کے حوالے سے شعور اجاگر کرنا ہے تاکہ یہ بچے تعلیم کے ساتھ ساتھ اپنی معاشرتی ذمہ داری کا احساس کرتے ہوئے ماحول دوست ہونے کا ثبوت دیں۔

(جاری ہے)

یہ مقابلہ ملک بھر کے تمام ریجنز میں تقریری مقابلہ جات میں ٹاپ کرنے والے بچوں کے مابین منعقد کیا گیا تھا جس میں آزاد کشمیر کے ذوالقرنین نے پہلی، سرگودھا سے علینہ نے دوسری اورسکھر سے غلام علی نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔بعد ازاں نمایاں پوزیشنز حاصل کرنے والے بچوں میں اعزازی شیلڈز اور نقد انعامات تقسیم کیے گئے۔تقریب کی میزبانی کے فرائض ماس میڈیا ڈیپارٹمنٹ سے شعیب احمد ہاشمی نے سرانجام دیئے۔