ملکی صرافہ مارکیٹوں میں سونے کی قیمتوں میں اضافے کا تسلسل جاری

منگل 6 اگست 2019 21:05

ملکی صرافہ مارکیٹوں میں سونے کی قیمتوں میں اضافے کا تسلسل جاری
کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 اگست2019ء) ملکی کرنسی مارکیٹوں میں ڈالر کی قدر میں مسلسل کمی کے باجود ملکی صرافہ مارکیٹوں میں سونے کی قیمتوں میں اضافے کا تسلسل جاری ہے، منگل کوفی تولہ سونے کی قیمت میں مزید500روپے کااضافہ ریکارڈ کیاگیا،جس کے نتیجے میں سونے کی قیمت ملکی تاریخ کی نئی بلندترین سطح پر پہنچ گئی۔آل کراچی صراف اینڈجیولرزایسوسی ایشن کے مطابق منگل کوبین الاقوامی گولڈ مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت میں4ڈالرکانمایاںاضافہ ریکارڈ کیا گیا،جس کے نتیجے میں فی اونس سونے کی قیمت1459ڈالرسے بڑھ کر1463ڈالر ہوگئی۔

(جاری ہے)

آل کراچی صراف اینڈجیولرزایسوسی ایشن کے مطابق کراچی،حیدرآباد، سکھر، ملتان، فیصل آباد، لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور اور کوئٹہ کی صرافہ مارکیٹوں میںفی تولہ سونے کی قیمت میں500روپے اور10گرام سونے کی قیمت میں429روپے کااضافہ ریکارڈ کیاگیا،جس کے نتیجے میںفی تولہ سونے کی قیمت84000روپے سے بڑھ کر84500روپے اوردس گرام سونے کی قیمت72016روپے سے بڑھ کر72445روپے ہوگئی۔منگل کو چاندی کی فی تولہ قیمت اوردس گرام قیمت میں استحکام رہا،جس کے نتیجے میںچاندی کی فی تولہ قیمت1100.00روپے اوردس گرام چاندی کی قیمت943.00روپے پرمستحکم رہی۔