ٹیلی نار مائیکرو فنانس بینک اور سام سنگ نے ادائیگیوں کے لئے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کر دئیے

منگل 6 اگست 2019 21:05

ٹیلی نار مائیکرو فنانس بینک اور سام سنگ نے ادائیگیوں کے لئے مفاہمت ..
کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 اگست2019ء) ٹیلی نار مائیکرو فنانس بینک اور سام سنگ الیکٹرانکس نے ڈیجیٹل بینکنگ سروس ایزی پیسہ کے ذریعے سام سنگ چینل پارٹنرز کو ادائیگیوں کے لئے مفاہمت کی ایک یادداشت پر دستخط کئے ہیں۔ یہ شراکت داری سام سنگ الیکٹرانکس کو ایزی پیسہ کے قابل اعتماد اور محفوظ نیٹ ورک کے ذریعے اپنے ریٹیلرز کو ادائیگیوں کے قابل بنائے گی۔

اس موثر ڈسبرسمنٹ سلوشن کے ذریعے پاکستان بھر میں سام سنگ ریٹیلرز کو ادائیگیوں تک فوری رسائی حاصل ہوگی جو براہ راست ان کے ایزی پیسہ موبائل والٹس میں بھیجی جائیں گی اور اس کے ذریعے وہ 1 لاکھ 30 ہزار سے زائد ایزی پیسہ مقامات سے اپنا کمیشن باآسانی حاصل کر سکیں گے۔ اس ضمن میں معاہدے کی تقریب کا انعقاد ٹیلی نار پاکستان کے ہیڈ کوارٹرزمیں ہوا جس میںٹیلی نار مائیکرو فنانس بینک کے چیئرمین، ٹیلی نار پاکستان کے سی ای او اور ہیڈ آف ٹیلی نار ایمرجنگ ایشیا کلسٹر عرفان وہاب خان اور سام سنگ پاکستان کے ایم ڈی رائے چنگ اپنی سینیئر قیادت کے ہمراہ بشمول ٹیلی نار مائیکرو فنانس بینک کی جانب سے ہیڈ آف ایزی پیسہ خرم ملک اور سام سنگ پاکستان و افغانستان کے ہیڈ آف موبائل بزنس عمر گھمن موجود تھے۔

(جاری ہے)

ٹیلی نار مائیکرو فنانس بینک کے چیئرمین عرفان وہاب خان نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں مالیاتی منظر نامہ کی ڈیجیٹلائزیشن ہمارے مشن کا اہم جزو ہے اور اس قسم کی اہم شراکت داری کے ساتھ ہم اپنے اہداف کے حصول کے انتہائی قریب ہوتے جارہے ہیں۔ ہم ایزی پیسہ ڈیجیٹل پے منٹ سلوشن کے ذریعے سام سنگ کی اپنے سپلائی چین کو فعال بنانے کی کوششوں کو سراہتے ہیں اور ڈیجیٹل الیکٹرانکس کے اہم ادارے کے ساتھ اس شراکت داری کو خوش آمدید کہتے ہیں۔

سام سنگ پاکستان کے منیجنگ ڈائریکٹر رائے چنگ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ اپنے چینل پارٹنرز کو ادائیگیوں کے لئے ایزی پیسہ کے قابل اعتماد اور محفوظ ادائیگی کے نیٹ ورک کے استعمال اور انہیں آسان رسائی فراہم کرنے کیلئے ٹیلی نار کے ساتھ شراکت داری پر بہت خوشی ہے۔