ڈیرہ بگٹی ، حساس ادارے کی نشاندہی پر لیویز فورس نے دہشتگردی کا خوفناک منصوبہ ناکام بنادیا

دہشتگردوں کی جانب سے چھپائے گئے بھاری تعداد میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد

منگل 6 اگست 2019 22:52

ڈیرہ بگٹی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 06 اگست2019ء) ڈیرہ بگٹی میں حساس ادارے کی نشاندہی پر لیویز فورس نے دہشتگردوں کی جانب سے چھپائے گئے بھاری تعداد میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کرکے دہشتگردی کا خوفناک منصوبہ ناکام بنادیا،اسسٹنٹ کمشنر ڈیرہ بگٹی زوہیب الحق نے میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ روز حساس ادارے کی نشاندہی پر لیویز فورس نے نواحی علاقوں شمسر کے پہاڑیوں اور پیر کوہ کے قریبی علاقوں میں کامیاب کاروائی کرتے ہوئے بھاری تعداد میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کرکے دہشتگردی کا خوفناک منصوبہ ناکام بنادیا ان کے مطابق دہشتگردوں کا بظاہر منصوبہ رواں ماہ کے دوران عیدالاضحی' 14 اگست یعنی یوم آزادی اور 26 اگست کو نواب اکبر بگٹی کے برسی کے موقع پر دہشتگردانہ کاروائی کرنا تھا، الحمداللہ آج ایک اہم حساس ادارے کی نشاندہی پر لیویز فورس کے آفیسر میجر رسالدار میر شوکت بگٹی نے لیویز کیجوانوں کے ہمراہ کامیاب کاروائی کرتے ہوئے دہشتگردوں کے ناپاک عزائم خاک میں ملادئیے،دہشتگردوں نے اسلحہ اور گولہ بارود قریبی پہاڑیوں میں چھپا رکھا تھا،برآمد کئے گئے اسلحہ میں 14 کلو بارود ،بارودی سرنگیں،ریمورٹ کنٹرول بم،تھری ناٹ تھری اور بارہ بور رائفل،آر پی جی شیلز اور اینٹی ائیرکرافٹ گن کے سینکڑوں راونڈز سمیت مختلف دیگر ہتھیاروں کے بھی سینکڑوں راونڈز شامل تھے،اس موقع پر برآمد کیا گیا اسلحہ اور گولہ بارود میڈیا نمائندگان کے سامنے بھی پیش کیا گیا۔