چین نے ہواوے پر پابندی عائد کرنے سے متعلق بھارت کو خبردار کر دیا

چین میں بھارتی کمپنیوں کو مشکل کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ چین کا انتباہ

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 7 اگست 2019 15:14

چین نے ہواوے پر پابندی عائد کرنے سے متعلق بھارت کو خبردار کر دیا
بیجنگ (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 07 اگست 2019ء) : چین نے موبائل کمپنی ہواوے پر پابندی عائد کرنے سے متعلق بھارت کو خبردار کر دیا۔ چین نے بھارت کو تنبیہہ کی کہ اگر ہواوے پر پابندی عائد کی گئی تو بھارت کو سنگین نتائج کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ تفصیلات کے مطابق میڈیا رپورٹ میں بتایا گیا کہ بھارت میں چینی کمپنیوں کو کاروبار کی اجازت نہ دینے کے ممکنہ اقدام پر چین نے نئی دہلی کو خبردار کرتے ہوئے سنگین نتائج کی دھمکی دی اور کہا کہ ایسا کرنے کی صورت میں چین میں بھی بھارتی کمپنیوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

واضح رہے کہ بھارت کے وزیر ٹیلی کام روی شنکر پراساد نے کہا تھا کہ بھارت اگلے چند ماہ میں 5 جی سیلولر نیٹ ورکس کی ٹیسٹنگ کرنے والا ہے لیکن بھارت نے چینی ٹیلی کام مصنوعات بنانے والی کمپنیوں کو اس حوالے سے شرکت کی دعوت نہیں دی۔

(جاری ہے)

قبل ازیں 10 جولائی کو بیجنگ میں بھارتی سفیر وکرم مسری کو چینی وزارت خارجہ نے طلب کیا تھا ، اس ملاقات میں چینی حکام کا کہنا تھا کہ بھارت کو واشنگٹن کے دباؤ میں ہواوے پر پابندی عائد نہیں کرنی چاہئیے بصورت دیگر چین میں کاروبار میں مشغول بھارتی اداروں پر بدلے میں پابندی عائد کی جاسکتی ہے۔

یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ دنیا میں ٹیلی کام مصنوعات بنانے والے سب سے بڑی کمپنی ہواوے، چین اور امریکہ کے مابین ہونے والی تجارتی جنگ کا مرکز بنی ہوئی ہے، جہاں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ نے کمپنی کو رواں سال مئی میں قومی سلامتی کے لیے خدشات کا اظہار کرتے ہوئے بلیک لسٹ میں ڈال دیا تھا۔ امریکہ نے اپنے اتحادیوں کو تجویز دی تھی کہ ہواوے کی مصنوعات کا استعمال نہ کریں اور ساتھ یہ بھی کہا تھا کہ چین ان کے معاملات پر نظر رکھنے کے لیے ان کا استعمال کرسکتا ہے۔