قربانی سب کچھ اللہ کی راہ میں قربان کر دینے کا جذبہ پیدا کرتی ہے،محمد حسین محنتی

الخدمت اجتماعی قربانی قربانی کا جذبہ بڑھانے اور انسانیت کی خدمت کا بہترین نمونہ ہے،امیر جماعت اسلامی سندھ

بدھ اگست 16:34

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 اگست2019ء) جماعت اسلامی سندھ کے امیر و سابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ قربانی سنت ابراہیمی واسماعیلی ہے جو ہمارے اندر اپنی جان ومال اور انا سمیت سب کچھ اللہ کی راہ میں قربان کر دینے کا جذبہ پیدا کرتی ہے، الخدمت اجتماعی قربانی کا اہتمام ایک طرف لوگوں میں قربانی کے جذبہ بڑھانے اور دوسری طرف انسانیت کی خدمت کا بہترین نمونہ ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامع مسجد قباء گلبرگ میں الخدمت کے تحت قائم اجتماعی قربانی کے جانوروں کے معائنے کے بعد بات چیت کے دوران کیا۔

الخدمت کے ذمہ داراور جماعت اسلامی ضلع گلبرگ کے نائب امیر کامران سراج نے صوبائی امیر کو تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ اس وقت چار سو گائے اور چارسوبکرے قربانی کیلئے بک ہوچکے ہیں، جس کی مالیت دوکروڑ سے زائد بنتی ہے۔

(جاری ہے)

جانوروں کی دیکھ بھال اور بکنگ سمیت پچاس کے قریب کارکن ورضاکارخدمت سرانجام دے رہیں ہیں اور بکنگ کا سلسلہ بھی تاحال جاری ہے۔

اجتماعی قربانی کیلئے آسان وسپر قربانی فی سبیل اللہ کا بھی انتظام کیا گیا ہے جس کا گوشت مضافاتی علاقوں کے غرباء میں تقسیم کیا جاتا ہے اور یہ سلسلہ کئی سالوں سے جاری ہے۔صوبائی امیر نے الخدمت گلبرگ کے اجتماعی قربانی کے ذمہ داران وکارکنان کے خدمت خلق کے جذبہ کو سراہتے ہوئے کہا کہ مہنگائی ونفسانفسی کے اس دور میں لوگوں کیلئے آسانیاں پیدا کرنا رضائے الہی کا بہترین ذریعہ ہے۔

جماعت اسلامی کا شعبہ الخدمت کراچی تا کشمور غریب وبے سہارا لوگوں کا سہارا بنا ہوا ہے، علاج معالجہ،صاف پانی، یتیم بچوں کی کفالت سے لیکر غریب بچیوں کی شادیوں میں بھرپور تعاون کیا جاتا ہے۔صوبائی امیر نے اپیل کی کہ قربانی کی کھالیں الخدمت رضاکاروں کو دیکر بے سہاروں کا سہارا بنیں اور انسانیت کی خدمت کیلئے کام کرنے والے ادارے الخدمت کی حوصلہ افزائی کی جائے۔اس موقع پر انکے ہمراہ صوبائی نائب امیر عظیم بلوچ اور سیکریٹری اطلاعات مجاہد چنا بھی موجود تھے۔