اوکاڑہ، ون ویلرز کے خلاف بلاامتیازکارروائی کو یقینی بنایا جائے، ڈی پی او

بدھ 7 اگست 2019 17:00

اوکاڑہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 اگست2019ء) ڈسٹرکٹ پولیس آفیسرجہانز یب نذیر خان نے کہا ہے کہ جشن آزادی کو شایان شان طریقہ سے منانا قوم کا حق ہے مگرجو ون ویلرز اس خوشی کے دن کا ناجائز فائدہ اٹھاتے ہیں اور دوسروں کو اپنے کرتب دکھانے کی سعی اور چاہت کے لئے عام عوام کے لیے وبال جان اور نقصان کا باعث بنتے ہیں ان کے خلاف کارروائیاں وقت کا تقاضہ ہے ،ون ویلرز کے خلاف بلاامتیازکارروائی کو یقینی بنایا جائے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سب ڈویژنل پولیس افسران سے میٹنگ کرتے ہوئے کیا۔ڈی پی او نے کہا کہ ون ویلنگ کے خاتمہ کے لیے ضروری ہے آپ اپنے اپنے علاقہ اختیار کے اندر موٹر سائیکل سائلنسرتبدیل کرنے والے مکینکس کو وارننگ لیٹر جاری کریں اور بہتر حکمت عملی کو اپناتے ہوئے ون ویلنگ کے خاتمہ کو یقینی بنائیں، اس سلسلہ میں اپنے اپنے تھانہ جا ت کے SHO کو ہدایت دیں کہ اپنے اپنے علاقہ میں سرپرائز وزٹ کریں اور ایسے موٹر سائیکل تیار کرنے والے مکینکس کے خلاف بھر پور کارروائی کریں تاکہ اوکاڑہ میں ون ویلنگ جیسے جن لیوا کھیل کی حوصلہ شکنی ہوسکے ۔

(جاری ہے)

اس کے ساتھ ساتھ بغیر نمبر پلیٹ، غیرنمونہ نمبر پلیٹ، سبز نمبر پلیٹ ، کالے شیشے والی گاڑیوں اور خاص کر کم سن موٹر سائیکل ڈرائیور ان کے خلاف کریک ڈائون کریں۔ غفلت اور کوتاہی کی صورت میں متعلقہ پولیس افسران کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔