عید کے موقع پر عید گاہوں ،ہسپتالوں ، پناہ گاہ و دیگر پبلک مقامات پر سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کو یقینی بنایا جائیگا، چودھری محمد علی رندھاوا

مون سون سیزن کے پیش نظر واسا سٹاف کی حاضری انتہائی ضروری ہے ،اگر عید سے قبل بارش ہو جائے تو نمازیوں کو دقت سے بچانے کیلئے عید گاہوں سے فوری طورپر پانی کے اخراج اور سے خشک کرنے کے اقدامات کئے جائیں، ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کی ہدایت

بدھ 7 اگست 2019 23:58

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 اگست2019ء) ڈپٹی کمشنر راولپنڈی چوہدر ی محمد علی رندھاوا نے کہا ہے کہ عید الالضحیٰ کے موقع پر عید گاہوں ،ہسپتالوں ، پناہ گاہ اور دیگر پبلک مقامات پر سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کو یقینی بنایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ مون سون سیزن کے پیش نظر واسا سٹاف کی حاضری انتہائی ضروری ہے اگر عید سے قبل بارش ہو جائے تو عید گاہوں سے فوری طورپر پانی کے اخراج اور سے خشک کرنے کے اقدامات کئے جائیںتاکہ نماز عید کی ادائیگی میں کوئی دقت نہ ہو۔

ا نہوں نے کہا کہ عید کے موقع پر آلائشوں کو اٹھانے اور شہر کوصاف ستھر ا رکھنے کیلئے تمام متعلقہ محکمے آپس میں روابط رکھیں تاکہ کسی بھی مسئلے کو بروقت حل کیا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ قربانی کے جانوروں کے کھالیں اکٹھی کرنے کے لئے این او سی لینے والے اداروں کے علاوہ غیر قانونی طور پر کھالیں اکھٹی کرنے پر پابندی عائد ہو گی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف ایف آئی آر درج کرکے قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے تمام تحصیلوں کے اے سی صاحبان کو ہدایت کی کہ وہ اپنی فرائض منصبی احسن طریقے سے نبھائیں تاکہ درپیش مسائل پر بروقت قابوپایا جا سکے ۔ انہوں نے یہ ہدایات اپنے آفس میں عید الالضحیٰ کے موقع پر سیکیورٹی اور صفائی کے انتظامات کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیں۔ایڈیشنل کمشنر ہیڈ کوارٹر صائمہ یونس ، اے ڈی سی جی ملیحہ جمال، تمام تحصیلوں کے اے صاحبان،محکمہ صحت،واسا ، ویسٹ مینجمنٹ، آئیسکو، پی ٹی سی ایل، سول ڈیفنس اور دیگر متعلقہ افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔

محمد علی رندھاوا نے کہا کہ عید الالضحی کے موقع پر ڈسٹرکٹ اور تحصیل کی سطح پر کنٹرول روم قائم کئے جائیں گے جہاں پر تمام متعلقہ محکموں کے نمائندے موجود ہوں گے تاکہ شہریوں کی طرف سے شکایات موصول ہونے کی صورت میں فوری کاروائی کی جا سکے۔انہوں نے کہا کہ پی ایچ اے اورمحکمہ جنگلات آپس میں باہمی تعاون سے مون سون شجر کاری مہم میں زیادہ سے زیادہ پودے لگانے کے لئے انتظامات کریں ۔

انہوں نے کہا کہ یونیورسٹیوں ،کالجوں اور سکولوںکی سطح پر اس مہم کو پھیلایا جائے اور ہر طالب علم اپنے نام کا پودا لگائے اور اس کی دیکھ بھال بھی کرے۔محکمہ پی ایچ اے نے اس موقع پر بتایا کہ ماہ ستمبرتک ایک لاکھ پودے لگائے جائیں گے۔ایڈیشنل کمشنر ہیڈ کوارٹر صائمہ یونس ، اے ڈی سی جی ملیحہ جمال نے اس موقع پر راولپنڈی میں سیکیورٹی ، صفائی اور دیگر مسائل اور ان کے حل کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ عید پر سیکیورٹی انتظامات کو فول پروف بنانے کے لئے پولیس کے ساتھ ساتھ سول ڈیفنس کے اہلکار بھی فرائض سر انجام دیں گے اور ون ویلنگ پر مکمل پابندی ہو گی۔