وعدے پورے نہ کرنے پر میئر کی درگت بنا دی گئی

خواتین کے کپڑے پہنا کر سارے شہر میں گھمایا گیا

Sajjad Qadir سجاد قادر جمعرات 8 اگست 2019 07:54

وعدے پورے نہ کرنے پر میئر کی درگت بنا دی گئی
لاہور (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 08 اگست 2019ء ) ساری دنیا میں سیاستدان اسی حوالے سے بدنام رہتے ہیں کہ الیکشن کی کمپین کے دوران وہ عوام کو جو سبز باغ دکھاتے ہیں الیکشن جیتنے کے بعدایسے رفو چکر ہوتے ہیں کہ وہ سبز باغ نیلے، پیلے اور پتا نہیں کیا کیا ہو جاتے ہیں اور سیاستدان نظر نہیں آتے۔یہاں تک کے آئندہ الیکشن میں وہ ایک بار پھر اپنامنجن بیچنے عوام میں آ جاتے اور انہیں بے وقوف بناکر چلتے بنتے ہیں۔

تاہم دنیا کے کئی ممالک میں جب سے شعوری مہم کاآغاز ہوا ہے تو لوگوں نے اپنے سیاستدانوں کو الیکشن کمپین کے دوران دھرنا شروع کر دیا ہے۔گزشتہ ایک دو الیکشنز میں دنیا کے کئی ممالک سے ایسی ویڈیوز دیکھنے کو ملی ہے جہاں الیکشن کمپین کے دوران سیاستدانوں کو سابقہ الیکشن میں کیے گئے وعدے یاد دلائے جا رہے ہوتے ہیں۔

(جاری ہے)

تاہم ابھی ایک ایسی ویڈیو بھی سوشل میڈیاپر وائرل ہو چکی ہے جس میں ایک میئر کو اپنے وعدہ نہ پورا کرنے پر خواتین کے کپڑے پہنا کر سارے شہر میں گھمایا گیا۔

منہ کالا کر کے گدھے پر بٹھا کر شہر کے چکر لگوانے والی سزا تو شاید برصغیر پاک وہند میں پائی جاتی ہے۔اس لیے شاید اس ملک میں یہ سزا نہیں دی گئی اور اس کی جگہ خواتین کے کپڑے پہنانے پر اکتفا کیا گیا۔الیکشن جیتنے کیلئے وعدے کرنا اور الیکشن جیت جانے کے بعد وہ وعدے پورے نہ کرنا سیاستدانوں کی پرانی عادت ہے تاہم میکسیکو میں ایک میئر کو یہ معاملہ خاصا مہنگا پڑ گیا۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق میکسیکو کے ایک قصبے میں عوام نے اپنے وعدہ خلاف میئر کو سزا کے طور پر عورتوں والے کپڑے پہنا کر ساری دنیا کیلئے ایک نئی مثال قائم کر دی۔ میکسیکو کے قصبے ہوئیکسٹان میں ہاویئر سباسشیئن ہمینیز سانتیز نے میئر کا الیکشن لڑتے وقت کئے وعدے پورے نہیں کئے جس پر اسے سزا ملی۔اس موقع پر شہریوں کا جم غفیر جمع ہو گیا جو میئر کو وعدے پورے نہ کرنے پر جلی کٹی سناتے رہے اور میئر کو شدید سبکی کا سامنا کرنا پڑا، تاہم کچھ دیر بعد میئر نے عوام سے معافی مانگتے ہوئے وعدے پورے کرنے کی نوید سنا دی۔