مون سون کی بارشوں کے دوران الرٹ رہیں ، چیف انجینئر برقیات

بارشوں کے دوران فنی خرابیوں اور متاثر ہونے والی لائنوں کو ہنگامی بنیادوں پر درست کیا جائے ،تنویر حسین خان

جمعرات 8 اگست 2019 13:40

مون سون کی بارشوں کے دوران الرٹ رہیں ، چیف انجینئر برقیات
مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 اگست2019ء) چیف انجینئر برقیات تنویر حسین خان نے ملازمین برقیات کو ہدایات دیتے ہوئے کہا ہے کہ مون سون کی بارشوں کے دوران الرٹ رہیں ۔ بارشوں کے دوران فنی خرابیوں اور متاثر ہونے والی لائنوں کو ہنگامی بنیادوں پر درست کیا جائے ۔ بجلی کے شکایات آفسز کو 24 گھنٹے کھلا رکھا جائے اور صارفین کی شکایات کے ازالے کے لیے فوری ایکشن لیا جائے ۔

بجلی چوروں اور نادہندگان کے خلاف بھی کارروائیاں کی جائیں ۔ چیف انجینئر برقیات نے کہا کہ گزشتہ مالی سال 2018-19 ء میں محکمہ برقیات کی کارکردگی مثالی رہی ہے ۔ محکمہ نے طے شدہ اہداف سے زائد ریکارڈ ریونیو حاصل کر کے شاندار کارکردگی کا عملی ثبوت دیا ہے ۔ اچھی کارکردگی سے جہاں حکومت کو فائدہ ہوتا ہے وہاں محکمہ کی ساکھ بھی بہتر ہوتی ہے ۔

(جاری ہے)

اُنہوں نے کہا کہ جاریہ مالی سال 2019-20 ء میں بھی محکمہ برقیات ترقیاتی اہداف اور مالی اہداف کے حصول کے لیے بھرپور محنت اور کوششیں کر رہا ہے ۔ فیلڈ ملازمین مالی اہداف کے حصول میں نمایاں کردار ادا کرتے ہیں ۔ اہداف کے حصول پر کوئی کمپرومائز نہیں ہو سکتا ۔ ملازمین محنت ، لگن اور خلوص کے ساتھ فرائض سر انجام دیں ۔ کام چوروں اور فرائض میں غفلت ، لاپرواہی برتنے والے کسی رعائیت کے مستحق نہیں ، اُنہیں جزا و سزا کے عمل سے گزرنا پڑے گا ۔ اُنہوں نے کہا کہ صارفین برقیات کی خدمت کے لیے تمام تر صلاحیتوں کو بروئے کار لایا جائے اور صارفین کی شکایتوں پر فوری کارروائی کی جائے ۔