عید الاضحی پر قربانی کے جانوروں کی آلائشوں کو تیز رفتاری سے ٹھکانے لگانے کیلئے مئوثر اور جامع صفائی پلان پر ذمہ داری کے ساتھ عملدرآمد ہوناچاہئے، قائم مقام ڈپٹی کمشنر

جمعرات 8 اگست 2019 14:42

عید الاضحی پر قربانی کے جانوروں کی آلائشوں کو تیز رفتاری سے ٹھکانے ..
فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 اگست2019ء) قائم مقام ڈپٹی کمشنرطارق خان نیازی نے ہدایت کی ہے کہ عید الاضحی پر قربانی کے جانوروں کی آلائشوں کو تیز رفتاری سے ٹھکانے لگانے کیلئے مئوثر اور جامع صفائی پلان پر ذمہ داری کے ساتھ عملدرآمد ہوناچاہیے جبکہ اس ضمن میںمتعلقہ مشینری ‘ لوڈر گاڑیوں‘ افرادی قوت اور دیگر ضروری وسائل کاخاطرخواہ بندوبست کرنے کے علاوہ شہریوں کی رہنمائی کیلئے وسیع آگاہی مہم چلائی جائے ۔

انہوںنے یہ بات عید صفائی پلان کے حوالے سے فیصل آباد ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے افسران سے میٹنگ کے دوران کہی جس میںتمام متعلقہ افسران بھی موجود تھے ۔ قائمقام ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ عیدالاضحی پرمعیاری صفائی کا ٹاسک بڑی اہمیت اورذمہ داری کامتقاضی ہے جسکو کامیاب بنانے کے لئے فیصل آباد ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کو کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیںکرناچاہیے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ شہر سے باہرموزوں جگہ پر قربانی کے جانوروں کی آلائشوں کو دفن کرنے کے لئے خندق کا فوری بندوبست کر لیا جائے جبکہ وہاں تک آلائشوں کو پہنچانے کیلئے تمام تر لوڈر گاڑیاں چالو حالت میں ہونی چاہیں۔ انہوں نے کہا کہ عارضی ٹرانسفر اسٹیشنز کا تعین کرکے ضروری انتظامات کو حتمی شکل دیں اورگلیوں کے اندرسے اوجھڑیوں ‘ انتڑیوں اور دیگرباقیات کواٹھانے کے لئے مطلوبہ تعدادمیں لوڈر رکشہ جات حاصل کئے جائیں ۔

انہوںنے کہا کہ شہر میںآگاہی کیمپس قائم کرکے شہریوں کی بہترانداز میں رہنمائی کی جائے جبکہ عیدالاضحی کے ایام میں کنٹرول روم کی کارکردگی مثالی ہونی چاہئے ۔ انہوںنے کہا کہ کانگووائرس و دیگر جراثیم سے بچنے کے لئے سٹاف کوحفاظتی طریقوں سے آگاہ رکھیں جبکہ عوام کو بھی ضروری معلومات فراہم کریں۔ انہوں نے کہا کہ اجتماعی قربان گاہوںکا سروے کرنے اور قربانی کے جانوروںکے سیلز پوائنٹس پرصفائی ستھرائی کو برقرار رکھنے کی ہدایت کی ۔

قائمقام ڈپٹی کمشنر نے کہاکہ صفائی پلان پربھر پور اندازمیںعملدرآمد کویقینی بنانے کیلئے مانیٹرنگ کا نظام بھی وضع کریں تاکہ کسی جگہ سے کوئی شکایت سامنے نہ آئے ۔ انہوں نے عید کے اجتماعات کے مقامات اور مساجد کے باہر بہترین صفائی اور سٹاف کی کارکردگی چیک کرنے کی تاکید کی ۔ سینئر منیجر ٓاپریشن نے عیدالاضحی صفائی پلان کے نمایاں پہلوئوں کے بارے میں بریفنگ دی ۔