حطار میں داماد نے شادی شدہ عورت کو قتل کر دیا، قاتل کی تلاش جاری

جمعرات اگست 15:28

ہری پور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 اگست2019ء) حطار میں شادی شدہ عورت کو گھر میں داماد نے قتل کر دیا، پولیس نے مقتولہ کے شوہر محمد آصف کی مدعیت میں قتل اور اقدام قتل کا مقدمہ درج کر کے ملزم کی تلاش شروع کر دی، نعش پوسٹ مارٹم کے بعد ورثاء کے حوالہ کر دی گئی۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق محمد آصف ولد میاں خان سکنہ حطار نے پولیس کو رپورٹ درج کرواتے ہوئے کہا کہ اسیر شاہ ولد سفیر شاہ سکنہ حطار جو آتشیں اسلحہ سے لیس تھا، میرے گھر آیا اور اس نے میری بیوی مسماة گل فرین زوجہ محمد آصف کے ساتھ توں تکرار کے بعد گالم گلوچ شروع کر دی اور تیش میں آ کر اسیر شاہ ولد سفیر شاہ سکنہ حطار نے با ارادہ قتل اپنے پستول سے فائرنگ کر کے میری بیوی کو قتل کر دیا، وجہ عداوت یہ تھی کہ وہ میرا داماد ہے اور اس کی بیوی جو میری بیٹی ہے وہ روٹھ کر میرے گھر آئی ہوئی تھی۔

واقعہ کی اطلاع ملتے ہی حطار پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچی جنہوں نے نعش کو قبضہ میں لیکر پہلے آر ایچ سی کوٹ نجیب الله اور بعد ازاں ہری پور منتقل کیا۔