پولیس اور صحافیوں کے مابین مصدقہ معلومات کے تبادلے کو مضبوط بنانے کے لیے ملک سعد شہید پولیس لائن میں میڈیا پریس کورکا افتتاح

جمعرات 8 اگست 2019 16:55

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 اگست2019ء) سی سی پی اوکریم خان نے کہا کہ میڈیا پریس کور کا مقصد مصدقہ اور جامع خبروں کی بروقت فراہمی اور اشاعت کو یقینی بنانا ہے، میڈیا ریاست کا ایک اہم ستون ہے جس کے ذریعے معاشرتی برائیوں کو ختم کرنے میں مدد ملی ہے، صحافیوں نے معاشرے میں موجود ناسورکے خاتمہ میں بھی کلیدی کردار ادا کیا ہے پولیس اور صحافیوں کے مابین معلومات کے تبادلے کو مضبوط اور فعال بنانے کی خاطر پولیس کی جانب سے پریس کور ٹیم بنائی گئی جس کے ذریعے صحافیوں کو بروقت اور مصدقہ خبریں ملیں گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ملک سعد شہید پولیس لائن میں میڈیا پریس کورکا افتتاح کر تے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ایس ایس پی آپریشن ظہور بابر آفریدی ، ایس پی میڈیا پریس کور سید عنایت علی شاہ، ایس پی ہیڈ کوارٹرز عبد السلام خالد کے ساتھ دیگر پولیس افسران اور میڈیا کے نمائندے موجود تھے۔

(جاری ہے)

ایس پی سید عنایت علی شاہ نے نئے قائم ہونے والے میڈیا پریس کور کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ میڈیا پریس کور کا مقصد مصدقہ اور جامع خبروں کی بروقت فراہمی اور اشاعت کو یقینی بنانا ہے۔

سوشل میڈیا پر فیس بک، ٹویٹر اور وٹس ایپ کا افتتاح کر دیا گیا ہے جن پر پولیس کے مثبت تشخص کو اجاگر کیا جائے گا۔ میڈیا پریس کور کی افادیت کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ اس کے ذریعے بروقت اور فوری خبروں کا حصول ممکن ہو سکے گا۔ اس موقع پر سی سی پی او محمد کریم خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پولیس کی جانب سے پریس میڈیا کور قائم کرنے کے بعد صحافیوں اور پولیس کے درمیان روابط مزید مضبوط ہوںگے، معاشرے سے برائیوں کے خاتمے، امن و امان کے قیام اور جرائم پیشہ عناصر کی نشاندہی کے لئے صحافیوں کا کردار لائق صد تحسین ہے۔