مریم نواز کی گرفتاری کے خلاف مسلم لیگ (ن)کا شدید احتجاج ، اسپیکر ڈائس کا گھیرائو کرلیا

اراکین کی مریم نواز کی گرفتاری کے خلاف شدید نعرے بازی ، حکومت پر تنقید ، ڈپٹی اسپیکر نے اجلاس ملتوی کر دیا خورشید شاہ اور احسن اقبال پر چوری ‘ کرپشن کے الزامات ہیں، ان میں وہ لوگ بھی کھڑے ہیں جو گیس اور بجلی چور ہیں، مراد سعید

جمعرات اگست 19:04

مریم نواز کی گرفتاری کے خلاف مسلم لیگ (ن)کا شدید احتجاج ، اسپیکر ڈائس ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 اگست2019ء) نیب کی جانب سے مسلم لیگ (ن) کی نائب مریم نواز کی گرفتاری کے خلاف مسلم لیگ (ن) سمیت اپوزیشن اراکین کی شدید ہنگامہ آرائی اور نعرے بازی کی وجہ سے قومی اسمبلی کا اجلاس (آج) جمعہ کی صبح 11 بجے تک ملتوی کردیا گیا۔ جمعرات کوقومی اسمبلی میں اس وقت شدید ہنگامہ آرائی شروع ہوگئی جب شیزہ فاطمہ خواجہ نے آکر ایوان کو بتایا کہ مریم نواز شریف کو گرفتار کرلیا گیا ہے جس پر مسلم لیگ (ن) کے ارکان نے سپیکر ڈائس کا گھیرائو کرلیا اور مریم نواز کی گرفتاری کے خلاف شدید نعرے بازی کی اور حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا۔

ڈپٹی سپیکر کی جانب سے بار بار وارننگ کے باوجود اپوزیشن کا احتجاج جاری رہا جس کے بعد ڈپٹی اسپیکر نے قومی اسمبلی کے اجلاس کی کارروائی جمعہ کی صبح گیارہ بجے تک ملتوی کردی قبل ازیں نکتہ اعتراض پر اظہار خیال کرتے ہوئے وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے کہا کہ بلاول بھٹو ایک حادثاتی چیئرمین ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے یہاں غیرت کی بات کی ہے‘ ایک ڈاکو چور خاندان کے اس ترجمان نے یہاں دھمکی دی ہے۔

چوری کے الزامات میں ان کے والد اور پھوپھی گرفتار ہیں۔ انہوں نے ملک کو لوٹا ہے‘ ملک پر ڈاکا ڈالا ہے۔ اگر ان کے اس قسم کے انداز ہوں گے تو ملک کیسے چلے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم وہ لوگ ہیں جو ہر زبان اور انداز میں جواب دے سکتے ہیں۔ خورشید شاہ اور احسن اقبال پر چوری ‘ کرپشن کے الزامات ہیں۔ ان میں وہ لوگ بھی کھڑے ہیں جو گیس اور بجلی چور ہیں۔

اپوزیشن ارکان کے نعروں کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مودی کا یار تو وہ ہے جس نے اسے نواسی کی شادی پر بلایا۔ جندال سے ملاقات کی۔ ان لوگوں نے ذاتی مفادات کے لئے پارلیمنٹ کو استعمال کیا۔ مریم نواز کی گرفتاری کے حوالے سے اداروں نے کارروائی کی ہے۔ ان لوگوں نے سندھ کی صحت اور پانی کو لوٹا ہے۔ کراچی کے حقوق پر ڈاکہ ڈالا ہے۔ انہوں نے ڈاکوئوں کے پروڈکشن آرڈرز کی وجہ سے کشمیر جیسے اہم مسئلے پر بات نہیں کی حالانکہ کشمیری قوم ہماری طرف دیکھ رہی ہے۔