مولانا حامد الحق حقانی کی نماز جمعہ کے بعد تمام دینی و سیاسی جماعتوں اور پوری قوم سے کشمیر سے اظہار یکجہتی کی اپیل

ہندوستانی حکومت کی حالیہ چال اور سازش کو ناکام بنائیں ،مولانا حامد الحق حقانی

جمعرات 8 اگست 2019 20:49

اکوڑہ خٹک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 اگست2019ء) دفاع پاکستان کونسل کے چیئرمین اور جمعیت علمائے اسلام پاکستان مولانا سمیع الحق شہید کی جماعت کے سربراہ مولانا حامد الحق حقانی نے تمام دینی و سیاسی جماعتوں اور پوری قوم سے اپیل ہے کہ وہ مظلوم کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لئے اور عالمی ضمیر کو جگانے کے لئے بھارت کی حالیہ مذموم حرکت کے خلاف پورے پاکستان میں خطباء و علمائے کرام نماز جمعہ کے اجتماعات میں کشمیری مسلمانوں کی یکجہتی کے لئے بیان کریں اورنماز جمعہ کے بعد ہندوستانی حکومت کے خلاف پرامن احتجاج اورپاکستانی قوم کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کے لئے ریلیاں ،مظاہرے جلسے جلوسوں اور اجتماعات کا انعقاد کریں۔

(جاری ہے)

مولانا حقانی نے کہاکہ تمام سیاسی جماعتیں سیاسی اختلافات کو بالائے طاق رکھ کراس احتجاج کو کامیاب بنائے ، مولانا حامد الحق حقانی نے کہاکہ اگرپاکستان پر بھارت نے جارحیت کی تو قوم سیسہ پلائی دیوار کی طرح افواج پاکستان کے ہمراہ جہاد کے لئے اور اپنے محبوب وطن پاکستان کا دفاع کرے گی،مولانا نے کہاکہ ہندوستانی حکومت کی حالیہ چال اور سازش کو ناکام بنانے اور کشمیر کو ٹکڑے ٹکڑے کرنے کی سازش کو ناکام بنائیں،انہوں نے کہا کشمیر کے مظلوم عوام ہر قسم کی امداد و تعاون کے لئے امت مسلمہ اور اقوام متحدہ اوآئی سی اور خاص طور پر پاکستانی عوام اور حکومت کی امداد کے منتظر ہیں اور کشمیری عوام کی داد رسی کے لئے آواز اٹھائیں ،مولانا حقانی نے پوری قوم بشمول اپوزیشن جماعتوں اور حکمرانوں کے مکمل یکجہتی کے اظہار کی ضرورت پر زور دیا اورکہاکہ اس کے علاوہ کئی اندرونی مسائل مسئلہ ختم نبوت، توہین رسالت جیسے اہم امور میں دشمنان اسلام ہماری سلامتی اور استحکام کیلئے خطرہ بنے ہوئے ہیں، ان حالات میں ہم سب کو سر جوڑ کر مل بیٹھنے کی ضرورت ہے ،ملک و ملت کی خاطر قیمتی اوقات سے وقت نکال اس احتجاج کو کامیاب بنائیں ۔