بھارتی جارحیت سے لگتا ہے، بھارت پاکستان سے محدود جنگ کرنا چاہتا ہے، ڈاکٹر فاروق ستار

ایسے میں زرداری کو متنازعہ بیان نہیں دینا چاہئے تھا اس سے ملک غیر مستحکم ہوگا اور پاکستان مخالف لوگوں کو فائدہ ہوگا، پریس کانفرنس سے خطاب

جمعرات 8 اگست 2019 22:40

بھارتی جارحیت سے لگتا ہے، بھارت پاکستان سے محدود جنگ کرنا چاہتا ہے، ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 اگست2019ء) پاکستان پرتنظیم بحالی کمیٹی کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ بھارتی جارحیت سے لگتا ہے، بھارت پاکستان سے محدود جنگ کرنا چاہتا ہے، ایسے میں زرداری کو متنازعہ بیان نہیں دینا چاہئے تھا اس سے ملک غیر مستحکم ہوگا اور پاکستان مخالف لوگوں کو فائدہ ہوگا۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انھوں نے کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا انھوں نے کہا کہ زرداری نے اس قوم کے بارے میں بات کی ہے جس نے پاکستان کے لئے بیش بہا قربانیاں دی ہیں موجودہ وقت میں پاکستان کو اندرونی و بیرونی چیلنجزکا سامنا ہے جبکہ ایل او سی اور مشرقی سرحدوں پر بھارت نے اچانک پالیسی اختیار کرتے ہوئے کشمیرکے اسٹیٹس کو ختم کر کے عالمی معاہدوں اور قوانین کی خلاف ورزی کی ہے ،ان کا مزید کہنا تھا کہ بھارتی جارحیت سے لگتا ہے کہ وہ سرحدوں پر محدود جنگ چاہتا ہے جبکہ آصف علی زرداری پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں بیان دے کر پاکستان کو غیر مستحکم کرنا چاہتے ہیں ،ایسے وقت میں جب تمام اکائیوں کا ملانے کا عمل ہو رہا ہے اسی دوران ملک کی وحدت کو تقسیم کرنے و نظریہ پاکستان کی بنیاد وں کو کھوکھلا کرنے کی کوشش کی گئی ،فاروق ستار کے مطابق آصف علی زرداری نے پاکستان بنانے والوں کی توہین کی ہے اور انھوں نے یہ بیان بھارت کو خوش کرنے کے لیے دیا ہے ،ان کا مزید کہنا تھا کہ کشمیر کے معاملے پر پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں دنیا کو یکجہتی کا پیغام دیا جانا چاہیے تھا تاہم آصف علی زرداری نے بھارتی سازش کے تحت مہاجروں کے متعلق بیان دیا ہے ،ڈاکٹر فاروق ستار کے مطابق کشمیر کا فیصلہ کشمیریوں کی رائے کے مطابق کیا جائے۔