فریج کو پہاڑ سے نیچے پھینکنے والے شخص کو بھاری جرمانہ اور گرا ہوا فریج گھسیٹ کر واپس اوپر لانے کاحکم

Ameen Akbar امین اکبر جمعرات 8 اگست 2019 23:59

فریج کو پہاڑ سے نیچے پھینکنے والے شخص کو بھاری جرمانہ اور گرا ہوا فریج ..

سپین میں ایک شخص نے اپنے پرانے اور خراب  فریج سے جان چھڑانے کے لیے انوکھا طریقہ اپنایا۔ انہوں نے فریج کو پہاڑ کی چوٹی سے دھکا دے کر نیچے گرا دیا ۔ فریج نیچے گراتے ہوئے انہوں نے اس واقعے کی ویڈیو بھی بنائی جو تیزی سے وائرل ہوگئی۔بدقسمتی سے یہ ویڈیو سپین کی پولیس نے بھی دیکھ لی۔ پولیس نے فریج پھینکنے والوں کا پتا چلایا  اور انہیں  فریج کو واپس گھسیٹ کر پہاڑی کی چوٹی تک لانے کا حکم دیا۔


بی بی سی کےمطابق یہ واقعہ سپین کےعلاقے المریہ میں پیش آیا۔ فریج پھینکنے کی ویڈیو میں ایک شخص کو ”ہم اسے ری سائیکل کرنے جا رہے ہیں“ اور ”دیکھتے ہیں یہ کتنی  قلابازی کھاتا ہے“ بولتے بھی سنا جا سکتا ہے۔ نیچے گرنے کے بعد فریج ایک ندی میں جا گرا۔
جب یہ ویڈیو وائرل ہوئی تو سپین کی گارڈیا سول پولیس کی نظروں میں بھی آگئی۔

(جاری ہے)

پولیس نے فریج پھینکنے والے شخص کا پتا چلایا۔

سی این این کے مطابق پولیس  فریج پھینکنے والے شخص کو  اسی پہاڑ کی چوٹی پر لے گئی اور انہیں فریج واپس  اوپر لانے کا حکم دیا۔ پولیس نے بھی اس واقعے کی ویڈیو بنائی، جس میں فریج پھینکنے والے شخص کو ایک دوسرے شخص کی مدد سے فریج گھیسٹ کر اوپر لاتے دکھایا گیا ہے۔پولیس نے اس ویڈیو کو اپنے سوشل میڈیا پر شیئر کیا، جہاں سے یہ  پھر وائرل ہو گئی۔ پولیس نے فریج پھینکنے والے پر 45  ہزار یورو جرمانہ بھی عائد کیا اور انہیں فریج کو باقاعدہ  ری سائیکل  کرنے کا کہا۔

متعلقہ عنوان :