چیلنجنگ کردار نبھانا اچھا لگتا ہے،شہرت ،مقبولیت سر پر سوار نہیں کرتی،فرحین اقبال

اپنی مٹی کی خوشبو اور رشتوں سے جڑی رہنا چاہتی ہوں، سڑکوں پر گاڑیوں کا شیشہ صاف کرنے والی لڑکی کا کردار ملا تو اس میں حقیقت کا رنگ بھرنے کیلئے جان لڑادونگی،انٹرویو

جمعہ 9 اگست 2019 11:55

ْاسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 اگست2019ء) اداکارہ فرحین اقبال نے کہا ہے کہ شہرت اور مقبولیت سر پر سوار نہیں کرتی، میں اپنی مٹی کی خوشبو اور رشتوں سے جڑی رہنا چاہتی ہوں۔ایک انٹر ویو میں اداکارہ فرحین اقبال نے کہا کہ بالی عمر میں دو خواب دیکھے تھے، پہلا قومی ائیر لائنز میں فضائی میزبان بن کر دنیا کے مختلف ممالک کی سیر کرنا چاہتی تھی اور دوسرا شو بزنس کے آسمان پر ستارے کے مانند چمک کر ہزاروں دلوں پر راج کرنا چاہتی تھی۔

انہوں نے کہا کہان دونوں خوابوں کو حقیقت کا روپ دیا، پہلے قومی ائیر لائنز میں فضائی میزبان بنی اور بعد میں فن کی دٴْنیا میں قسمت آزمانے آئی۔انہوں نے بتایا کہ مجھے شو بزنس میں کام کرتے ہوئے دو چار برس ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

اس دوران مجھے ٹی وی انڈسٹری کے منجھے ہوئے فن کاروں کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملا۔ سینئر اداکار قوی خان، بشریٰ انصاری نے میری بہت حوصلہ افزائی کی،اداکار نعمان مسعود کے ساتھ ٹیلی ویڑن پر میری جوڑی پسند کی گئی۔

انہوں نے کہا کہ میرے مقبول ڈراموں میں’’میں ہار نہیں مانوں گی، سنجیدہ عشق، مریم، گھڑی دو گھڑی، بیچارے کنوارے، اور ٹیلی فلم رات ریت اور رِیت ‘‘شامل ہیں۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ میرا زیادہ وقت کراچی اور دبئی میں ففٹی ففٹی گزرتا ہے۔ دبئی میں بالی ووڈ ستاروں سے ملاقاتوں کا سلسلہ بھی جاری رہتا ہے، پچھلے دِنوں بالی ووڈ کے سپر اسٹار شاہ رخ خان اور دیپکا پڈوکون سے ملاقات ہوئی۔

انہوں نے ہمارے ٹی وی ڈراموں کی بہت تعریف کی۔ پاکستانی ڈرامے اور میوزک کو بالی ووڈ اسٹارز بہت پسند کرتے ہیں۔ایک اور سوال کے جواب میں فرحین اقبال نے بتایا کہ اگر مجھے کسی ڈائریکٹر نے سڑکوں پر گاڑیوں کا شیشہ صاف کرنے والی لڑکی کا کردار دیا تو اس میں حقیقت کا رنگ بھرنے کیلئے جان لڑادوں گی۔ مجھے چیلنجنگ کردار نبھانا اچھا لگتا ہے۔شہرت اور مقبولیت سر پر سوار نہیں کرتی، میں اپنی مٹی کی خوشبو اور رشتوں سے جڑی رہنا چاہتی ہوں۔