دفعہ 370 کو ختم کرنا عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے

کشمیر میں اقوام متحدہ کے مبصر مشن کی موجودگی اس بات کی دلیل ہے کہ کشمیر متنازعہ علاقہ ہے، پروفیسر جاوید احمد خان

جمعہ 9 اگست 2019 13:34

مانسہرہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 اگست2019ء) ڈگری کالج ایبٹ آباد پروفیسر جاوید احمد خان نے دفعہ 370 کو ختم کرنا عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے، کشمیر میں اقوام متحدہ کے مبصر مشن کی موجودگی اس بات کی دلیل ہے کہ کشمیر متنازعہ علاقہ ہے۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے کشمیر موجودہ صورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اقوام متحدہ کو بھارت کے غیر آئینی اقدام کا نوٹس لینا چاہیے، دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت ہونے کی دعویدار بھارتی حکومت نے پہلے ریاستی حکومت کو ختم کیا اور پھر صدر راج نافذ کرتے ہوئے کشمیریوںکے حقوق کو غصب کیا، بھارتی حکومت کے اس اقدام سے یہ واضح ہو گیا ہے کہ انہیں کشمیری عوام سے کوئی ہمدردی نہیں ہے، وہ 70 سال سے جھوٹ بول رہے ہیں، بھارت صرف کشمیر کی زمین پر قبضہ کرنا چاہتا ہے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر مولانا محمد طیب زعفرانی نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے غیور عوام نے 1947ء میں بھی علم جہاد بلند کرتے ہوئے کشمیریوں کی عملی مدد کی تھی اور آج بھی اسی جذبہ کے ساتھ کشمیری مسلمانوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں، پاکستان کی سیاسی قیادت اور عوام مسئلہ کشمیر کے حوالے سے متحد ہیں۔ انہوں نے اقوام عالم سے مطالبہ کیا کہ وہ مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے بھارت پر دبائو ڈالیں، مسئلہ کشمیر کا واحد حل یہ ہے کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیری مسلمانوں کو ان کا حق حقِ خودارادیت دیا جائے۔ انہوں نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے مظالم اور کنٹرول لائن پر جارحیت کی مذمت کی۔