Live Updates

مریم نواز کا 12 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور

جمعہ 9 اگست 2019 15:36

مریم نواز کا 12 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 اگست2019ء) لاہور کی احتساب عدالت نے چوہدری شوگر ملز کیس میں گرفتار مسلم لیگ (ن) کی رہنما و سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز اور بھتیجے یوسف عباس کو 12 روزہ جسمانی ریمانڈ پرنیب کے حوالے کردیا۔ احتساب عدالت کے جج نعیم ارشد ملک نے کیس کی سماعت کی۔ جمعہ کے روز مریم نواز اور ان کے چچا زاد بھائی یوسف عباس کوسخت سکیورٹی میں احتساب عدالت پیش کیاگیا۔

مریم نواز کے کمرہ عدالت پیش ہوتے ہی وکلاء نے شدید نعرے بازی کی ۔ شور شرابہ کرنے اور سیلیفیاں لینے پر عدالت نے سخت برہمی کا اظہارکیا۔ نیب پراسیکیوٹر نے مریم نواز اور یوسف عباس کے پندرہ روزہ جسمانی ریمانڈکی استدعا کی۔ ان کا کہنا تھا مریم نواز 1992سے 1997 تک چوہدری شوگر مل کی ڈائریکٹر رہیں۔

(جاری ہے)

چوراسی لاکھ کے شیئرز بڑھ کر اکتالیس کروڑ کے ہو گئے۔

شیئرزکی خریداری کی رقم بارے معلومات نہیں دی جا رہیں۔ مریم نواز کے وکیل نے جسمانی ریمانڈ کی مخالفت کی۔ انہوں نے کہا کہ نیب نے مریم نواز کی گرفتاری کی وجوہات سے آگاہ نہیں کیا۔ قانون کے تحت قتل اور ڈکیتی کے علاوہ کسی کیس میں خاتون کا جسمانی ریمانڈ نہیں دیا جا سکتا تاہم عدالت نے مریم نواز اور یوسف عباس کو 12 روزہ جسمانی ریمانڈ پر21 اگست تک نیب کے حوالے کردیا۔

پیشی کے موقع پر مریم نواز نے میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ نیب نے وارنٹ گرفتاری پر دستخط کراناچاہے میں نے انکارکر دیا۔ نیب بلاجواز ایساکیس بنانا چاہتا ہے ۔ جس میں میرے دادا نے اپنے ہاتھ سے کمائی کر کے سرمایہ لگایا۔ دوسری جانب عدالت نے رمضان شوگرملزکیس میں حمزہ شہباز کے جوڈیشل ریمانڈمیں 12روز کی توسیع کردی۔ اسی کیس میں عدالت نے شہباز شریف کی حاضری معافی کی درخواست منظور کرتے ہوئے سماعت اکیس اگست تک ملتوی کردی۔کمرہ عدالت میں مریم،حمزہ شہباز، کیپٹن صفدر اور جنید صفدر آپس میں باتیں کرتے رہے۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات