Live Updates

وفاقی کابینہ کی مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کے حوالے سے پارلیمنٹ کی متفقہ قرارداد اور قومی سلامتی کمیٹی کے فیصلوں کی توثیق، کشمیریوں کے ساتھ بھرپور یک جہتی کا اظہار ،

مسئلہ کشمیر کے بارے میں پاکستان اپنے مؤقف پر قائم ہے، کسی بھی صورتحال میں اپنے مؤقف میں لچک نہیں دکھائے گا ، کشمیر کاز، مسئلہ کشمیر اور قومی کاز سے پیچھے نہیں ہٹے گا، وفاقی کابینہ نے ملک کی بہتری‘ دفاع، مسئلہ کشمیر کو سفارتی محاذوں پر تمام سٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے اجاگر کرنے کیلئے وزیراعظم کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کیا، کشمیر کے حوالے سے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے بیان کا بھی خیرمقدم وزیراعظم احساس پروگرام کے تحت غریب اور پسماندہ طبقات کیلئے 10 اقدامات، ماڈل ٹھیلے کے ذریعے معیاری خوراک اور ثقافت کے فروغ کے اقدام کی منظوری، احساس پروگرام کے تحت خواتین کو بااختیار بنانے، دیہاڑی دار مزدور طبقات کو اوپر لانے اور دیہی علاقوں میں کلین کوکنگ کا طریقہ کار متعارف کرانے کیلئے اقدامات کے علاوہ ضلع اور تحصیل کی سطح پر لنگر پروگرام شروع کرنے کا بھی فیصلہ ، اخبار فروشوں کو مزدور احساس پروگرام میں شامل اور کرکٹ سٹرکچر کو تبدیل کرنے کی بھی منظوری، کراچی میں جاری صفائی مہم کے حوالہ سے ایف ڈبلیو او کو سونپی گئی ذمہ داری پر اطمینان کا اظہار کیا گیا اور قوم کے ان بیٹوں کو ایوارڈ دینے کا فیصلہ، کابینہ نے چیئرمین این ڈی ایم اے کو چیئرمین ایرا کا اضافی چارج اور ڈپٹی چیئرمین ایرا کے عہدے سے متعلقہ ذمہ داریوں اور امور کی دیکھ بھال سونپنے کی بھی منظوری دی وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کی وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد پریس بریفنگ

جمعہ 9 اگست 2019 23:52

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 اگست2019ء) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ وفاقی کابینہ کا مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کے حوالے سے پارلیمنٹ کی متفقہ قرارداد اور قومی سلامتی کمیٹی کے فیصلوں کی توثیق کرتے ہوئے کشمیریوں کے ساتھ بھرپور یک جہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کے بارے میں پاکستان اپنے مؤقف پر قائم ہے اور کسی بھی صورتحال میں اپنے مؤقف میں لچک نہیں دکھائے گا اور کشمیر کاز، مسئلہ کشمیر اور قومی کاز سے پیچھے نہیں ہٹے گا، وفاقی کابینہ نے ملک کی بہتری‘ دفاع، مسئلہ کشمیر کو سفارتی محاذوں پر تمام سٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے اجاگر کرنے کیلئے وزیراعظم کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کیا، کشمیر کے حوالے سے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے بیان کا بھی خیرمقدم کیا گیا، وزیراعظم احساس پروگرام کے تحت غریب اور پسماندہ طبقات کیلئے 10 اقدامات اور ماڈل ٹھیلے کے ذریعے معیاری خوراک اور ثقافت کے فروغ کے اقدام کی منظوری دی گئی، احساس پروگرام کے تحت خواتین کو بااختیار بنانے، دیہاڑی دار مزدور طبقات کو اوپر لانے اور دیہی علاقوں میں کلین کوکنگ کا طریقہ کار متعارف کرانے کیلئے اقدامات کے علاوہ ضلع اور تحصیل کی سطح پر لنگر پروگرام شروع کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ، اخبار فروشوں کو مزدور احساس پروگرام میں شامل اور کرکٹ سٹرکچر کو تبدیل کرنے کی بھی منظوری دی گئی، کابینہ اجلاس میں کراچی میں جاری صفائی مہم کے حوالہ سے ایف ڈبلیو او کو سونپی گئی ذمہ داری پر اطمینان کا اظہار اور قوم کے ان بیٹوں کو ایوارڈ دینے کا فیصلہ کیا گیا ، کابینہ نے چیئرمین این ڈی ایم اے کو چیئرمین ایرا کا اضافی چارج اور ڈپٹی چیئرمین ایرا کے عہدے سے متعلقہ ذمہ داریوں اور امور کی دیکھ بھال سونپنے کی بھی منظوری دی،وزیراعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ کو قومی سلامتی کمیٹی اور پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کی متفقہ قرارداد، اب تک اٹھائے گئے اقدامات اور خطہ کی بدلتی صورتحال، پاکستان کے قومی بیانیہ اور کشمیری عوام کے ساتھ لازوال اٹوٹ رشتہ کی تفصیلات سے آگاہ کیا اور باور کرایا کہ قومی سلامتی کمیٹی کے فیصلوں اور مشترکہ اجلاس کی قرارداد پر عملدرآمد اور مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کیلئے فوکل گروپس تشکیل دیئے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ میں وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد پریس بریفنگ میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی کابینہ نے مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کیلئے وزیراعظم کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کیا اور کہا کہ پاکستان کے 22 کروڑ عوام وزیراعظم عمران خان کے بیانیہ کے ساتھ کھڑے ہیں، وزیراعظم نے کابینہ کو خطہ کی بدلتی ہوئی صورتحال، قومی سلامتی کمیٹی کے فیصلوں اور پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کی متفقہ قرارداد کے حوالہ سے آگاہ کیا اور کابینہ نے اقتصادی رابطہ کمیٹی کے فیصلوں کی توثیق کی۔

کابینہ نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان کا قومی بیانیہ اور نہتے کشمیریوں کی آواز کی عکاسی اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے بیان سے ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نہیں چاہتا کہ وہ کسی طور لچک کا مظاہرہ کرے اور مسئلہ کشمیر، کشمیر کاز اور قومی کاز سے پیچھے ہٹے، کابینہ نے وزیراعظم کے وژن اور بصیرت کو خراج تحسین پیش کیا جن کے اقدامات اور رویوں کی وجہ سے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کا یہ بیانیہ سامنے آیا ہے۔

کابینہ نے وزیراعظم کی قیادت پر اس اعتماد کا اظہار کیا کہ وہ سفارتی، سیاسی اور ہر محاذ پر تمام سٹیک ہولڈرز کی مشاورت کے ساتھ جس حکمت عملی کو بھی اختیار کریں گے کابینہ ان کا ساتھ دے گی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کے حوالے سے بھارتی حکومت کے حالیہ اقدام کا جائزہ لینے اور اس حوالے سے سفارشات پیش کرنے کی غرض سے قائم کی جانے والی کمیٹی کو وسعت دینے کا فیصلہ کیا گیا، حکومت حزب اختلاف، جماعت اسلامی کے سربراہ سراج الحق کو بھی کمیٹی میں شامل ہونے کی دعوت دی جائے گی، صدر آزاد جموں و کشمیر، وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر اور گورنر گلگت بلتستان کو بھی کمیٹی میں شامل کیا جائے گا۔

وزیراعظم نے کابینہ ممبران کو ہدایت کی کہ یوم آزادی کے موقع پر کشمیری بھائیوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا جائے۔ معاون خصوصی نے کہا کہ وزیراعظم نے کابینہ ممبران کو ہدایت کی کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت اور بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی پر مبنی اقدام کو بے نقاب کرنے کیلئے سوشل میڈیا کو بھرپور طریقے سے بروئے کار لایا جائے۔

وزیراعظم نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے معصوم اور نہتے عوام بھارتی ہٹلر کے عزائم کا شکار ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ بھارتی حکومت کے حالیہ اقدام سے آر ایس ایس کا فلسفہ کھل کر سامنے آ گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کے مذموم ارادوں کو ہر ممکن طریقے سے بے نقاب کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے خطہ میں امن کے بیانیہ کو پوری دنیا نے سراہا ہے، پوری دنیا نے وزیراعظم عمران خان پر اعتماد کا اظہار کیا ہے۔

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وفاقی کابینہ نے کراچی میں صفائی کی صورتحال کا بھی جائزہ لیا، وزیراعظم نے کراچی کی صفائی میں ایف ڈبلیو او کو کلیدی کردار سونپا تھا جس کو سراہا گیا ہے اور اس بات کا فیصلہ کیا گیا ہے کہ کراچی کو صاف کرنے کے مشن میں مصروف عمل قوم کے بیٹوں کو ایوارڈ سے نوازا جائے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے تمام وزارتوں کو عام آدمی کو ریلیف دینے کیلئے تجاویز کابینہ اجلاس میں لانے کی ہدایت کی ہے۔

وزیراعظم احساس پروگرام کی طرف سے وفاقی کابینہ کو اٹھائے گئے اقدامات کے حوالہ سے بریفنگ دی گئی۔ وزیراعظم نے کہا کہ وسائل اور مواقع موجود ہیں لیکن وسائل کی غیر منصفانہ تقسیم بنیادی مسائل کی جڑ ہے، خواتین کو بااختیار بنانے کیلئے حکومت خصوصی اقدامات کر رہی ہے، وزیراعظم کی ہدایت پر ریلوے سٹیشنز پر خواتین کیلئے خصوصی میکنزم تیار کیا گیا ہے تاکہ مقامی سوغات کے ساتھ ساتھ ثقافت کو بھی فروغ دے کر خواتین روزگار کما سکیں، نوجوانوں اور مزدوروں کو بھی خصوصی مراعات دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ دیہاڑی دار مزدور طبقہ کچھ نہ کچھ کما کر گھر لے جا سکے، غریب طبقات اور عام آدمی کی مشکلات کو کم کرنے کیلئے اقدامات کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس میں تحصیل اور ضلع کی سطح پر لنگر پروگرام شروع کئے جائیں گے جس سے عام آدمی کو دو وقت کی روٹی میسر آئے گی۔

انہوں نے کہا کہ 40 سال بعد وفاقی کابینہ نے کرکٹ بورڈ کیلئے ڈھانچہ جاتی اصلاحات کی منظوری دیدی ہے۔ کراچی، لاہور، ملتان، پشاور میں بلند عمارتوں کی تعمیر کیلئے سول ایوی ایشن ڈویژن سے این او سی ضروری ہوتا ہے، اس حوالہ سے سرمایہ کاروں کو سہولت دینے کیلئے سول ایوی ایشن ڈویژن کو خصوصی اقدامات کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی کابینہ نے بلوچستان اور ملک کے دیگر ساحلی علاقوں میں بڑی سطح پر ہونے والی غیر قانونی ماہی گیری پر تشویش کا اظہار کیا جس سے نہ صرف ماہی گیری کی صنعت اور چھوٹے ماہی گیر متاثر ہو رہے ہیں بلکہ آبی ماحولیات پر بھی منفی اثرات متاثرہو رہی ہے۔

وزیراعظم نے وزیر داخلہ کو ہدایت کی کہ بحری امور ڈویژن کی مشاورت سے اس غیر قانونی عمل کی روک تھام کیلئے سفارشات پیش کی جائیں۔انہوں نے کہا کہ کابینہ کو کلین کراچی مہم 2019ء پربریفنگ دی گئی۔ کابینہ کو بتایا گیا کہ کراچی کی صفائی کے سلسلے میں وفاقی حکومت کے اس اقدام کے تحت اب تک 55.5 ملین خرچ کرکے لیاری اور دیگر نالوں کی صفائی کی جا چکی ہے۔

وفاقی کابینہ نے بھارت کے ساتھ تجارتی تعلقات منقطع کرنے کی بھی منظوری دی۔ کابینہ نے اقتصادی رابطہ کمیٹی کے 31 جولائی کے فیصلوں کی منظوری دی۔ وزیراعظم نے کابینہ ممبران کو ہدایت کی کہ عوام الناس کی فلاح و بہبود کی غرض سے نئے اقدامات پر عملدرآمد کی رپورٹ جلد از جلد پیش کی جائے۔ کابینہ کو بتایا گیا کہ اسلام آباد میں معذور افراد کیلئے خصوصی طور پر بسیں چلائی جا رہی ہیں۔

کابینہ کو ملک کے بڑے شہروں کراچی، لاہور، پشاور اور ملتان میں بلند و بالا عمارات کی تعمیرات کے معاملے پر بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ وزیراعظم نے وزیر توانائی عمر ایوب کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دی۔ کابینہ نے فیڈرل انسٹی ٹیوٹ حیدر آباد کے سلسلے میں قانون سازی کرنے کی اصولی منظوری دی۔ کابینہ نے نیشنل فرٹیلائزر کارپوریشن کے منیجنگ ڈائریکٹر کو ہٹانے کی منظوری دی۔

کابینہ کو احساس انوویشن سلوشنز چیلنج پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ کابینہ کو بتایا گیا کہ 31 اگست سے پہلے ان سلوشنز کا اجراء کر دیا جائے گا، ان اقدامات کا مقصد غریب افراد کو روزگار کے حصول میں معاونت فراہم کرنا ہے۔ اس کے تحت غریب افراد کو آمدنی کے ذریعہ فراہم کرنے کیلئے جدید ٹھیلوں کی فراہمی عمل میں لائی جائے گی۔ دیگر اقدامات میں رکشہ گاربیج کولیکٹر، کلین ککنگ سٹووز، آن لائن ڈیجیٹل تعلیمی مواد کی فراہمی، مائیکرو کریڈٹ سہولت اور دیہاڑی دار مزدوروں کیلئے آن لائن پلیٹ فارم مہیا کئے جائیں گے۔

اس کے علاوہ تعمیرات اور دیگر شعبوں سے تعلق رکھنے والے ہنر مندوں کو فیشن ہائوسز سے منسلک کیا جائے گا تاکہ ان ہنرمندوں کا ہنر بروئے کار لایا جا سکے اور ہنرمندوں کی آمدنی بڑھائی جا سکے۔ آئن لائن تعلیمی مواد کے تحت کے۔12 تعلیمی مواد حاصل کیا جائے گا اور اسے ان غریب گھرانوں کے بچوں کو فراہم کیا جائے گا جنہیں تعلیمی اداورں اور تعلیمی مواد تک رسائی میں مشکلات درپیش ہیں۔

مائیکرو کریڈٹ سہولت کے تحت دیہاڑی دار مزدوروں کو سودا سلف کیلئے قرضوں کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔ دیہاڑی دار مزدوروں کوکام کی تلاش میں سہولت کاری کیلئے آن لائن پلیٹ فارمز کا اجراء کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کابینہ کو بتایا گیا کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت لنگر خانوں کا اجراء کیا جائے گا۔ معاون خصوصی نے کہا کہ کابینہ کو بتایا گیا کہ ملک بھر میں بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے 385 تحصیل آفس اور بیت المال کے 155 دفاتر کو ڈیجیٹل حب میں بدل دیا جائے گا جس میں ای۔

لرننگ کامواد اور گورنمنٹ کے آن لائن رسورسز تک رسائی فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ کابینہ نے احساس لیبر ایکسپرٹ گروپ ’’مزدور کا احساس‘‘ کی اس تجویز کوبھی قبول کیا کہ غیر روایتی شعبوں میں کام کرنے والے تمام مزدوروں کے بینک اکائونٹ کھلوائے جائیں تاکہ ان کی تنخواہ بینکوں میں جمع ہو۔ اس اقدام سے غیر روایتی شعبوں میں کام کرنے والے تمام افراد کی کم از کم اجرت کی شرح پر عملدآمد کویقینی بنانے میں مدد ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ کابینہ نے یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ امرجنگ ٹیکنالوجیز کے چارٹر کے مسودے کی بھی منظوری دی۔ انہوں نے کہا کہ کابینہ نے ندا رضوان کو ایم ڈی نیشنل انرجی ایفیشینسی اینڈ کنزرویشن اتھارٹی تعینات کرنے کی بھی منظوری دی۔ انہوں نے کہا کہ کابینہ نے پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول کے پروگرام کے مختلف منصوبوں پر عملدرآمد کیلئے قواعد اور ضوابط کار میں ضروری ترامیم کی بھی اجازت دی۔

انہوں نے کہا کہ کابینہ نے پاکستان میں کرکٹ کے کھیل کی تنظیم نو کی منظوری دی۔ کابینہ نے سید انتخاب عالم کو تین ماہ کیلئے ایم ڈی پی ٹی ڈی سی کا عبوری چارج دینے کی منظوری دی۔ انہوں نے کہا کہ کابینہ نے چیئرمین این ڈی ایم اے (نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی) کو چیئرمین ایرا کا اضافی چارج جبکہ ڈپٹی چیئرمین ایرا کے عہدے سے متعلقہ ذمہ داریوں اور امور کی دیکھ بھال سونپنے کی بھی منظوری دی۔ کابینہ نے عامر خان، کمشنر ایس ای سی پی کو چیئرمین سیکورٹی ایکسچینج کمیشن آف پاکستان جبکہ ایس مسعود اے نقوی کو چیئرمین پالیسی بورڈ تعینات کرنے کی منظوری دی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات