Live Updates

مسئلہ کشمیر صرف اور صرف جہاد سے ہی حل ہوسکتا ہے، اس کے علاوہ اور کوئی راستہ نہیں، علامہ غلام غوث بغدادی

وزیراعظم عمران خان بھارت سے جنگ کا اعلان کریں، ہم نے سندھ اسمبلی میں بھی اپنا موقف دوٹوک انداز میں بیان کیا ة یہاں جلسے میں بھی یہی کہتے ہیں کہ بھارت کا جہاد کے سوا اور کوئی حل نہیں،یکجہتی مارچ سے خطاب

جمعہ 9 اگست 2019 23:54

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 09 اگست2019ء) امیرسندھ تحریک لبیک پاکستان علامہ غلام غوث بغدادی نے کہا ہے کہ کشمیر کا مسئلہ صرف اور صرف جہاد سے ہی حل ہوسکتا ہے، اس کے علاوہ اور کوئی راستہ نہیں، وزیراعظم عمران خان فوری طور پر بھارت سے جنگ کا اعلان کریں، ہم نے سندھ اسمبلی میں بھی اپنا موقف دوٹوک انداز میں بیان کیا اور یہاں جلسے میں بھی یہی کہتے ہیں کہ بھارت کا جہاد کے سوا اور کوئی حل نہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو کراچی میں تحریک لبیک پاکستان کے زیراہتمام حسن اسکوائر تا مزار قائد یکجہتی مارچ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر امیر کراچی علامہ رضی حسینی، ناظم اعلیٰ سندھ صوفی یحییٰ قادری، رکن سندھ اسمبلی مفتی محمد قاسم فخری، ناظم علماء بورڈ مفتی مبارک عباسی، ناظم ضلع وسطی مفتی عمرفاروق مدنی، ناظم ضلع غربی علامہ ارشاد قریشی، ناظم ضلع شرقی شاکر چنائے، ناظم ضلع جنوبی حاجی کاشف قادری، ناظم ضلع ملیر علامہ عبدالسمیع نیازی، ناظم ضلع کورنگی علامہ رانا ساجد محمود نے بھی کارکنان سے خطاب کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر علامہ غلام غوث بغدادی نے مزید کہا کہ کشمیر میں مسلمان بچیوں کی عزت و ناموس خطرے میں ہے اور ہمارے حکمران بیغیرت بن کر پوچھتے ہیں کہ کیا میں حملہ کردوں یہ کہہ کر عمران خان نے ایک لاکھ کشمیری شہداء کے مقدس خون کا مذاق اڑایا ہے، عمران خان اب تک تاخیر پر کشمیریوں سے معذرت کریں اور فوری جہاد کا اعلان کریں۔ امیرکراچی علامہ رضی حسینی نے اپنے خطاب میں کہا کہ عمران خان نے ٹرمپ سے دوستی کرنے کے چکر میں کشمیر بھارت کو بیچ ڈالا، تاریخ عمران خان کو کبھی معاف نہیں کرے گی، بزدل حکمران تاریخ کے کوڑے دان میں پہنچتے ہیں اور علامہ خادم حسین رضوی جیسے غیور رہبر تاریخ میں صدیوں زندہ رہتے ہیں۔

ناظم اعلیٰ سندھ صوفی یحییٰ قادری نے اپنے خطاب میں شرکاء کو بتایا کہ صرف سندھ میں بیک وقت 20 سے زائد مقامات پر یکجہتی کشمیر مارچ کیا جارہا ہے اور ملک بھر میں 100 سے زائد مقامات پر لاکھوں غیور مسلمان سڑکوں پر موجود ہیں۔ رکن سندھ اسمبلی مفتی محمد قاسم فخری نے اپنے ولولہ انگیز خطاب میں کہا کہ ہمارے حکمرانوں میں وہ جوہر ہی نہیں کہ دشمن کو جواب دے سکے، اس کے لیے علامہ خادم حسین رضوی کے تربیت یافتہ غیرت مند مسلمانوں کی ضرورت ہوتی ہے، ہم نے علامہ خادم حسین رضوی کا موقف اسمبلی میں پیش کیا، دوست ہو یا دشمن، اپنے ہوں یا غیر ہوں، یہاں تک کہ لبرل سیاسی جماعتوں کے رہنما بھی تسلیم کرتے ہیں کہ کشمیر سے متعلق علامہ خادم حسین رضوی کا موقف ہی درست ہے، لیکن یہ الگ بات ہے کہ میڈیا یا اسمبلی میں بولنے کی جرات نہیں کرسکتے، ہم نے ببانگ دہل علامہ خادم حسین رضوی کا موقف اسمبلی میں بیان کیا ہے، تحریک لبیک پاکستان کے یکجہتی کشمیر مارچ میں ہزاروں شہری شریک ہوئے، مارچ کے روٹ پر شہریوں کی جانب سے پانی کی سبیل کا بندوبست بھی کیا گیا تھا، مارچ کے دوران سڑک کے ایک ٹریک پر ٹی ایل پی کارکنان کا مارچ اور دوسرے ٹریک پر ٹریفک معمول کے مطابق چلتا رہا، حسن اسکوائر تا مزارقائد جانے والی سڑک پر دکانیں بھی معمول کیمطابق کھلی رہیں اور دکاندار مارچ کے شرکاء کا خیرمقدم کرتے رہے، علاوہ ازیں اس سلسلے میں مرکزی مارچ علامہ خادم حسین رضوی کی زیرقیادت لاہور میں کیا گیا، جس میں مرکزی امیر علامہ خادم حسین رضوی نے خطاب کیا، راولپنڈی میں پیرعنایت الحق سلطان پوری، اسلام آباد میں انجینئر حفیظ اللہ، چار سدہ میں ڈاکٹر شفیق امینی، حیدرآباد میں صوفی رضا محمد عباسی کی قیادت میں مارچ کیا گیا۔

بدین، ٹھٹھہ، دادو، میرپورخاص، سکھر، میہڑ، فیصل آباد، جہلم، گوجر خان، اٹک، ملتان، شیخوپورہ، پشاور، خیبرایجنسی، مردان، سوات، ملاکنڈ، ڈی آئی خان، کوئٹہ، خضدار، جعفر آباد اور دیگر مقامات پر بھی یکجہتی کشمیر مارچ میں ہزاروں افراد شریک ہوئے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات