Live Updates

مریم نواز کی گرفتاری کے خلاف مسلم لیگ (ن) سندھ کی جانب سے کراچی پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ

تاریخ کے دوراہے پر کھڑی قوم کو نالائق حکمران تباہی کی طرف لیجارہا ہے ، عید سے قبل مریم نوازشریف کی گرفتاری سے کیا پیغام دیا جارہا ہی شاہ محمد شاہ نام نہاد احتساب کا دائرہ کار صرف اپوزیشن جماعتوں تک محدود ہے ،نیب نیازی گٹھ جوڑ کے آگے سر نہیں جھکائیں، قومی مفادات کا سودا نہیں کرنے دیں گے، مظاہرین سے خطاب

جمعہ 9 اگست 2019 23:25

مریم نواز کی گرفتاری کے خلاف مسلم لیگ (ن) سندھ کی جانب سے کراچی پریس ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 اگست2019ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر اورقائد میاں محمدنوازشریف کی صاحبزادی مریم نواز شریف کی کی گرفتاری کے خلاف جمعہ کو مسلم لیگ(ن) سندھ کی جانب سے کراچی پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیاگیا۔مظاہرے کی قیادت مسلم لیگ (ن) سندھ کے صدر شاہ محمدشاہ اور دیگرنے کی ۔مظاہرے میں مسلم لیگ کے مقامی رہنمائوں سمیت کارکنان کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی ۔

شرکا نے ہاتھوں میں احتجاجی بینرز،پارٹی پرچم،میاں نوازشریف، مریم نوازشریف کی تصاویراٹھارکھی تھیں۔کارکنان وفاقی حکومت کے خلاف مسلسل نعرے بازی کررہے تھے ۔مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے شاہ محمدشاہ نے مریم نواز شریف سمیت مسلم لیگی رہنمائوں کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے کہاکہ تاریخ کے دوراہے پر کھڑی قوم کو نالائق حکمران تباہی کی طرف لیجارہا ہے ۔

(جاری ہے)

عید سے قبل مریم نوازشریف کی گرفتاری سے کیا پیغام دیا جارہا ہی ،نواز شریف اور اس کے نواسوں کے سامنے مریم نواز شریف کی گرفتاری انتہائی قابل مذمت، قابل افسوس اور شرمناک ہے۔انہوں نے کہاکہ ملک کو معاشی طور پر تباہ کرنے کے بعد جمہوریت کو پٹڑی سے اتارنے کی کوشش کی جارہی ہے ۔نیب کا ہدف صرف مسلم لیگ (ن)ہے ۔بے بنیاد مقدمات میں رہنمائوں کی گرفتاری سے ہمارے حوصلے پست نہیں ہوں گے۔

مسلم لیگ(ن)کا ہر رہنما اور کارکن اس وقت ملک میں جمہوریت کی سربلندی کے لیے یکسو ہے۔انہوںنے کہاکہ عمران نیازی اپوزیشن فتح کرنے کے بجائے کشمیرپر قومی مفادات کی حفاظت پر توجہ دے ۔ مریم نوازشریف کو اس لئے گرفتار کیاگیا کہ وہ کشمیریوں کے حق میں ریلیاں اور جلسے کیوں کررہی ہی ۔انہوںنے کہاکہ نیازی پاکستان میں اپوزیشن کو کشمیریوں کے حق میں سرگرمیوں سے روک رہا ہے ۔

شاہ محمدشاہ نے کہاکہ مریم نوازشریف کی گرفتاری ثبوت ہے کہ نالائق اعظم ایک نہتی لڑکی سے کس قدر خوفزدہ ہے۔انہوںنے کہاکہ مریم نوازشریف کشمیریوں کے حق میں آواز کیوں بلند کررہی ہیں، نالائق اور نااہل حکومت کو برداشت نہیں ہوا۔معیشت سمیت ہر شعبے میں ملک کا نتزلی کا شکار ہے اور اس کے ذمہ دار صرف اور صرف عمران خان ہیں ۔انہوں نے کہاکہ جمہوری قوتوں کو اس طرح دیوار سے لگانے کی وجہ سے ملک میں انارکی کی صورت حال پیدا ہوسکتی ہے ،جس کا سلیکٹڈ وزیراعظم کو احساس تک نہیں ہے ۔

انہوںنے کہا کہ زلفی بخاری سے اعظم سواتی تک اور علیم خان سے علیمہ خان تک سلیکٹڈ وزیراعظم کے تمام لاڈلوں کو کلین چٹ دی جارہی ہے اور نام نہاد احتساب کا دائرہ کار صرف اپوزیشن جماعتوں تک محدود ہے ۔شاہ محمدشاہ نے کہاکہ نیب نیازی گٹھ جوڑ کے آگے سر نہیں جھکائیں، قومی مفادات کا سودا نہیں کرنے دیں گے ۔
Live عید الفطر سے متعلق تازہ ترین معلومات