حوثیوں کی جانب سے سعودی عرب کو بیلسٹک میزائل سے نشانہ بنانے کی ایک اور کوشش ناکام

عرب اتحادی فوج کے ترجمان کے مطابق یہ بیلسٹک میزائل یمن کے علاقے میں ہی جا گرا

Muhammad Irfan محمد عرفان ہفتہ 10 اگست 2019 11:05

حوثیوں کی جانب سے سعودی عرب کو بیلسٹک میزائل سے نشانہ بنانے کی ایک اور ..
ریاض(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 10اگست2019ء) سعودی اخبارات کی رپورٹس کے مطابق حوثی ملیشیا کی جانب سے سعودی سرزمین کو ایک بار پھر بیلسٹک میزائل سے نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی، تاہم میزائل اپنے ہدف پر پہنچنے میں کامیاب نہ ہو سکا۔ عرب اتحادی فوج کے ترجمان کرنل ترکی المالکی نے اس حوالے سے اپنے ایک بیان میں بتایا ہے کہ بُدھ کی شام حوثیوں نے حجة گورنری میں ایک مکان کی چھت سے بیلسٹک میزائل داغا جو کچھ ہی فاصلے پر اسی گورنری میں جا گرا۔

اس طرح سعودی سرزمین کو ہدف بنانے کا منصوبہ ایک بار پھر ناکامی سے دوچار ہو گیا۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ حوثی باغی شہری آبادی کو بیلسٹک میزائلوں سے نشانہ بنانے کے ساتھ ساتھ میزائل داغنے کے لیے لوگوں کے گھروں کی چھتوں کا استعمال کررہے ہیں۔

(جاری ہے)

اس سے پہلے بھی ایسے متعدد واقعات پیش آ چکے ہیں۔واضح رہے کہ یمن کی حوثی ملیشیا کی جانب سے چند روز قبل بھی سعودی مملکت کو ڈرون طیارے سے نشانہ بنایا گیا تھا۔

تاہم ڈرون اپنے نشانے پر پہنچنے میں کامیاب نہ ہو سکا۔ عرب اتحاد کی فورسز نے اس ڈرون کو فضا میں ہی تباہ کر کے مار گرایا۔ یمن کے لیے عرب اتحاد کی فورسز کے ترجمان کرنل تُرکی المالکی نے اس بارے میں بتایا کہ ایران کی حمایت یافتہ حوثی ملیشیا نے جمعرات کی شب سعودی عرب کے شہر ابہا کی جانب ڈرون بھیجا ۔ یہ ڈرون طیارہ حوثیوں کے زیر انتظام یمنی علاقے صنعاء سے داغا گیا تھا، مگر مستعد سعودی فضائی فورسز نے اسے اپنے ہدف پر پہنچنے سے پہلے ہی فضا میں تباہ کر دیا۔

کرنل المالکی نے اپنے بیان میں کہا کہ حوثی ملیشیا کی جانب سے ڈرون طیارے بھیجے جانے کی تمام کوششوں کا انجام ناکامی ہے۔ اتحادی فورسز شہریوں کی حفاظت کے لیے ان طیاروں کے ساتھ بہترین انداز سے نمٹ رہی ہے۔ بار بار ڈرون طیارے بھیجے جانے کی کوشش اس بات کو ظاہر کرتی ہے کہ یمن میں حوثی ملیشیا کتنی مایوسی کا شکار ہے۔